پی ٹی آئی رہنما شہباز گل کو سانس کی تکلیف، انجیوگرافی کا فیصلہ

اسلام آباد: پی ٹی آئی رہنما شہباز گل کی مسلسل سانس کی تکلیف کی شکایت کے باعث انجیو گرافی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق پمز اسپتال کے ذرائع کا کہنا ہے کہ شہباز گل مسلسل سانس کی تکلیف کی شکایت کررہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق میڈیکل بورڈ نے شہباز گل کا ایک اور ٹیسٹ کروانے کا فیصلہ کیا ہے، میڈیکل بورڈ نے سانس کی تکلیف اور پھیپھڑوں کے مکمل چیک اپ کے لیے شہباز گل کے ٹیسٹ کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق میڈیکل بورڈ نے شہباز گل کی سی ٹی پلمونری انجیو گرافی کا فیصلہ بھی کیا ہے۔
خیال رہے کہ دو روز قبل اسلام آباد ہائی کورٹ نے پولیس کی جانب سے شہباز گل کے جسمانی ریمانڈ کی 8 روز کی استدعا مسترد کرتے ہوئے انہیں پیر تک پمز اسپتال میں رکھنے اور ان کا دوبارہ میڈیکل کرانے کا حکم دیا تھا۔
گزشتہ روز چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے الزام عائد کیا تھا کہ شہباز گل کو تشدد کے ساتھ جنسی زیادتی کا نشانہ بھی بنایا گیا ہے۔
عمران خان کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ عمران خان کے بیان میں کوئی حقیقت نہیں، اگر کسی کو کوئی شک ہے تو درخواست دائر کردے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔