شان شاہد بھارتی فلموں میں کام کرنے پر مشروط رضامند

لاہور: پاکستانی فلموں کے مقبول اداکار شان شاہد نے بھارتی فلموں میں کام کرنے کے لیے مشروط رضامندی کا اظہار کردیا۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے اداکار شان شاہد کا کہنا تھا کہ میرے بھارت سے نظریاتی اختلاف ہیں۔ میں کسی کو نہیں کہتا کہ انہیں بھارت جاکر کام نہیں کرنا چاہیے۔ اگر انہیں راستہ ملتا ہے تو ضرور کام کریں کیونکہ پاکستان میں ٹی وی ڈراموں کے علاوہ ان کے پاس کچھ نہیں ہے۔
شان نے کہا کہ بھارت میں پاکستان اور اسلام کو الیکشن میں بطور مذہب کارڈ استعمال کیا جاتا ہے، لیکن کشمیر کے حوالے سے میرے اپنے کچھ نظریاتی اختلافات ہیں جنہیں میں کسی اور پر مسلط نہیں کرتا، تاہم میں خود بھارت میں کام نہیں کرسکتا۔
شان کا کہنا تھا کہ میرے والد نے کشمیر کے لیے فلم امن بنائی تھی۔ افسوس کی بات ہے کہ آج بھی بھارت میں مسلمانوں کی نسل کشی کی جارہی ہے۔
شان نے کہا کہ اگر بھارت کو کام کرنا ہے تو برابری کی بنیاد پر کام کریں برابری کی بنیاد پر فلم بنائیں اور جو بھی ہو اس پر 50-50 کریں تو کام ممکن ہے۔
خیال رہے کہ شان شاہد کو بولی وُڈ کی بلاک بسٹر فلم گجنی میں اہم کردار کی پیشکش کی گئی تھی، جس پر انہوں نے انکار کردیا تھا۔

 

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔