کراچی اور سندھ میں شدید ہیٹ ویو، درجہ حرارت 51 ڈگری تک جاسکتا ہے

کراچی: سندھ میں شدید ہیٹ ویو کا الرٹ جاری کیا گیا، اس دوران درجہ حرارت 51 ڈگری سینٹی گریڈ تک جاسکتا ہے۔
محکمۂ موسمیات نے سندھ بھر کے لیے ہیٹ ویو الرٹ جاری کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ بالائی فضا میں ہائی پریشر ایریا بننے کے باعث 8 سے 12 جون کے دوران صوبے کے بیشتر اضلاع میں درمیانی سے شدید ہیٹ ویو کی صورتحال پیدا ہونے کی توقع ہے۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق کراچی میں 9 سے 12 جون تک ہیٹ ویو برقرار رہ سکتا ہے جب کہ اس دوران شہر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 39 سے 42 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔
الرٹ کے مطابق آج سے 12 جون تک سکھر، شکارپور، قمبر شہداد کوٹ، جیکب آباد، لاڑکانہ، موَئن جودڑو، شہید بینظیرآباد، گھوٹکی، خیرپور اور نوشہروفیروز میں درجہ حرارت 48 سے 51 ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیے جانے کا امکان ہے۔
اسی طرح تھرپارکر، بدین، حیدرآباد، مٹیاری، ٹنڈو محمد خان، عمرکوٹ، میرپورخاص، جام شورو اور سجاول کے اضلاع میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 42 سے 45 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔
محکمۂ موسمیات نے کہا ہے کہ شدید گرمی کے باعث صوبے کے میدانی علاقوں میں چند مقامات پر گرد آلود ہوائیں اور آندھی چلنے کا بھی امکان ہے۔
عوام خصوصاً بچوں، خواتین اور بزرگ شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ محکمۂ موسمیات نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ پانی کا زیادہ استعمال کریں اور غیر ضروری طور پر صبح 10 بجے سے شام 4 بجے کے دوران دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔