سینیٹ الیکشن، امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال
اسلام آباد/ لاہور/ کراچی: الیکشن کمیشن میں سینیٹ کے انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال جاری ہے۔
3 مارچ کو ہونے والے سینیٹ انتخابات کے لیے مجموعی طور پر 170 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری شیڈول کے تحت وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور چاروں صوبائی دارالحکومتوں میں سینیٹ انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال جاری ہے۔
امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کے لیے الیکشن کمیشن کو نیب، ایف آئی اے، نادرا، ایف بی آر اور اسٹیٹ بینک کی مکمل معاونت حاصل ہے۔ اس سلسلے میں تمام متعلقہ اداروں نے اپنا ڈیٹا الیکشن کمیشن کو بھجوادیا ہے۔
اب تک تحریک انصاف کے امیدوار وزیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ اور فوزیہ ارشد، پیپلز پارٹی کے فرحت اللہ بابر اور مسلم لیگ (ق) کے کامل علی آغا کے کاغذات نامزدگی منظور ہوچکے ہیں، اس کے علاوہ پاکستاں تحریک انصاف کے جمشید اقبال چیمہ کے بطور آزاد امیدوار کاغذات نامزدگی منظور کرلیے گئے ہیں۔
پاکستان تحریک انصاف نے مسلم لیگ (ن) کی امیدوار پرویز رشید کے کاغذات نامزدگی پر اعتراض کردیا ہے۔ تحریک انصاف کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا ہے کہ پرویز رشید نے کاغذات نامزدگی جنرل نشست کے لیے جمع کرائے لیکن بیان حلفی پر ٹیکنوکریٹ کی نشست کا ذکر کیا گیا۔ کاغذات نامزدگی میں غلط بیانی کی ہے اس لیے وہ الیکشن لڑنے کے اہل نہیں، وہ اپنی تقریروں میں قومی اداروں کے خلاف بات کرتے رہے ہیں، اس لیے آرٹیکل 63 جی کے تحت وہ سینیٹ الیکشن کے لیے موزوں امیدوار نہیں۔ اس کے علاوہ پرویز رشید پارلیمنٹ لاجز کی رقم کی ادائیگی کے بھی نادہندہ ہیں۔
الیکشن کمیشن کے شیڈول کے مطابق امیدواروں کے کاغذات کی جانچ پڑتال 17 تا 18 فروری کو ہوگی۔ کاغذات پر اپیلیں 20 فروری تک دائر ہوسکیں گی، 23 فروری تک تمام اپیلوں کو نمٹادیا جائے گا جب کہ 24 فروری کو امیدواروں کی حتمی فہرست جاری ہوگی، 25 فروری تک امیدوار کاغذات نامزدگی واپس لے سکیں گے جب کہ پولنگ 3 مارچ کو ہوگی۔