لکی مروت میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، 11 دہشت گرد ہلاک
راولپنڈی: سیکیورٹی فورسز نے لکی مروت میں خفیہ اطلاع پر آپریشن کرکے 11 دہشت گردوں کو جہنم واصل کردیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے آپریشن حالیہ آئی ای ڈی دھماکے کے تناظر میں کیا۔ آئی ای ڈی دھماکے میں کیپٹن محمد فراز الیاس سمیت 7 فوجی شہید ہوئے تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانے بھی تباہ کردیے گئے، آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے مؤثر طریقے سے دہشت گردوں کے ٹھکانے کا پتا لگایا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ گھناؤنے فعل کے ذمے داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے 11 دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
وزیراعظم کا کہنا ہے کہ پاک فوج کے بہادر جوانوں نے جان ہتھیلی پر رکھ کر دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن کیا۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز ہمیشہ آہنی دیوار ثابت ہوئی ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پوری قوم سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے، ہم پاک فوج کے شہداء اور غازیوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔