سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، بھارتی حمایت یافتہ 34 خوارج دہشت گرد جہنم واصل

راولپنڈی: سیکیورٹی فورسز نے 13 سے 15 اکتوبر کے دوران خیبر پختون خوا کے مختلف اضلاع میں کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج کے 34 دہشت گرد ہلاک کردیے۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے 13 سے 15 اکتوبر کے دوران خیبر پختون خوا کے مختلف اضلاع میں کارروائیاں کیں، کارروائیوں کے دوران بھارتی اسپانسرڈ فتنہ الخوارج کے 34 دہشت گرد ہلاک کردیے گئے۔
بیان میں کہا گیا کہ شمالی وزیرستان کے علاقے اسپن وام میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے موٴثر انداز میں دہشت گردوں کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا، شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 18 دہشت گرد ہلاک کردیے گئے۔
ترجمان پاک فوج نے کہا کہ ایک اور کارروائی جنوبی وزیرستان میں کی گئی، جہاں فائرنگ کے تبادلے میں مزید 8 دہشت گرد مارے گئے، تیسری جھڑپ بنوں میں ہوئی جہاں سیکیورٹی فورسز نے 8 مزید دہشت گردوں کو انجام تک پہنچایا۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ علاقے میں پائے جانے والے دیگر بھارتی حمایت یافتہ خارجیوں کو ختم کرنے کے لیے کلیئرنس آپریشنز جاری ہے۔
صدر مملکت نے مسلح افواج اور سیکیورٹی ایجنسیز کی خیبر پختونخوا میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ شمالی و جنوبی وزیرستان اور بنّوں میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائیاں قابلِ فخر ہیں۔
صدر مملکت نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائیوں سے ملک میں امن و استحکام کی صورت حال بہتر ہوئی ہے، دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک آپریشنز جاری رکھنا ہوں گے، ریاست بھارتی حمایت یافتہ فتنۂ خوارج اور فتنہ الہندوستان کو جڑ سے ختم کردے گی۔
انہوں نے کہا کہ “عزمِ استحکام” مہم کے تحت آپریشن پوری قوت سے جاری رہے گا، قوم اپنی سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے اور ہر طرح کی دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بھی خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں سیکیورٹی آپریشن میں بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج کے متعدد دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ اسپن وام، جنوبی وزیرستان اور بنوں میں سیکیورٹی فورسز نے 34 بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کو جہنم رسید کیا، سیکیورٹی فورسز نے اپنی پیشہ ورانہ مہارت سے دہشت گردوں کے عزائم کو خاک میں ملایا۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستانی عوام کی حفاظت اور ملکی سالمیت کی خاطر دہشت گردی کے خلاف تمام ممکن اقدامات لیے جائیں گے۔