خیبر پختونخوا میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، متعدد خوارج جہنم واصل

خیبر پختونخوا میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں متعدد خوارج مارے گئے، جن کے قبضے سے اسلحہ اور گولا بارود بھی برآمد ہوا ہے۔
ذرائع کے مطابق سیکیورٹی فورسز کی خیبر پختون خوا میں عزم استحکام وژن کے تحت گزشتہ 2 ماہ سے مؤثر انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیاں جاری ہیں۔ اسی سلسلے میں شمالی وزیرستان میں انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیوں کے دوران سیکیورٹی فورسز نے خوارج کے متعدد ٹھکانے تباہ کیے ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے کھٹی کلی میں کارروائی کے دوران متعدد خوارج کو جہنم واصل کردیا گیا ہے۔ ہلاک خوارج دہشت گردوں سے وافر اسلحہ، گولا بارود اور دیگر سامان بھی برآمد ہوا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز کے ہاتھوں فتنۃ الخوارج کے متعدد دہشت گردوں کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔ کارروائیوں میں اس بات کو یقینی بنایا جارہا ہے کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ رہے اور مقامی آبادی کو کوئی نقصان نہ پہنچے۔
سیکیورٹی فورسز خیبر پختونخوا میں پائیدار امن کے قیام اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔