دوسرا ٹیسٹ: میر حمزہ و شاہین کی شاندار بولنگ آسٹریلیا کے 186 پر 6 آؤٹ

میلبورن: پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان جاری میلبورن ٹیسٹ میں تیسرے دن کا کھیل ختم ہوگیا، جس میں آسٹریلیا کو اب تک 241 رنز کی برتری حاصل ہے۔
تیسرے دن کے آغاز پر پاکستانی بلے بازوں محمد رضوان اور عامر جمال نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 194 رنز سے کھیل کی شروعات کی تھی۔
محمد رضوان 51 گیندوں پر 42 رنز بناکر کمنز کی گیند پر وارنر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے، جس کے بعد شاہین آفریدی 21، حسن علی اور میر حمزہ اسکور میں صرف 2-2 رنز کا اضافہ کر پائے جبکہ عامر جمال 80 گیندوں پر 33 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ پاکستان ٹیم پہلی اننگز میں 264 رنز بناکر آل آئوٹ ہوگئی۔
آسٹریلیا نے جب اپنی دوسری اننگز کا آغاز کیا تو شاہینوں نے ان پر تابڑ توڑ حملے کیے، اننگز کی دوسری ہی گیند پر شاہین نے عثمان خواجہ کو چلتا کیا جب کہ لنچ سے پہلے لبوشین کو بھی میدان بدرکردیا۔
میر حمزہ نے 2 گیندوں پر 2 شکار کیے جس میں انہوں نے خطرناک بیٹر ڈیوڈ وارنر اور ٹریوس ہیڈ کو پویلین کی راہ دکھائی۔
4 وکٹیں گرنے کے بعد مچل مارش اور اسمتھ نے بیٹنگ کو سنبھالا اور دونوں نے نصف سنچریاں بنائیں تاہم مچل مارش سنچری کے قریب پہنچ کر 96 رنز پر میر حمزہ کا شکار بنے جس کے بعد اسٹیو اسمتھ بھی 50رنز بناکر187 کے مجموعے پر شاہین آفریدی کو وکٹ دے بیٹھے۔
آسٹریلیا نے تیسرے دن کھیل کے اختتام پر دوسری اننگز میں 6 وکٹوں پر 187 رنز بنالیے اور اسے مجموعی طور پر 241 رنز کی برتری حاصل ہے۔

 

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔