اسکاٹ اربوم نے کراچی میں قونصل جنرل کے عہدے کا چارج سنبھال لیا

کراچی: اسکاٹ اربوم نے باضابطہ طور پر امریکی قونصل خانہ کراچی میں قونصل جنرل کے عہدے کا چارج سنبھال لیا، جس سے امریکا اور پاکستان کے درمیان جاری سفارتی تعلقات کو مزید تقویت ملے گی۔
اسکاٹ اربوم وسیع تر تجربے کے ساتھ نئی ذمے داری سرانجام دینے آئے ہیں۔ انہوں نے حال ہی میں امریکی محکمہ خارجہ کے بیورو آف ساؤتھ اینڈ سینٹرل ایشین افیئرز میں بطور آفس ڈائریکٹر خدمات انجام دی ہیں، جو خطے میں مختلف ممالک کے ساتھ امریکا کے باہمی تعلقات سے متعلق امور کی نگرانی کرتا ہے۔
اس سے قبل انہوں نے دفتر برائے کورین امور میں ڈپٹی ڈائریکٹر اور تائیوان میں امریکی انسٹی ٹیوٹ میں ڈپٹی پولیٹیکل چیف کی ذمے داریاں ادا کیں جب کہ دفتر برائے کورین امور میں ڈی پی آر کے یونٹ چیف بھی رہ چکے ہیں۔
علاوہ ازیں وہ چین کے بیجنگ، بارباڈوس کے برج ٹاؤن اور یوکرین کے کیف میں بھی غیرملکی عہدے دار کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔
اسکاٹ اربوم نے فارن سروس میں قدم رکھنے سے قبل قازقستان میں بطور امن رضاکار انگریزی کی تعلیم دیتے ہوئے بین الاقوامی تعلیم میں خدمات انجام دیں۔ انہوں نے جارج ٹاؤن کے اسکول آف فارن سروس میں تعلیم مکمل کرنے کے بعد ہارورڈ یونیورسٹی اور نیشنل وار کالج سے ماسٹرز کی ڈگریاں حاصل کیں۔ ان کی اہلیہ سونیا اس وقت پیشے سے استاد اور سابقہ امریکی سفارت کار ہیں جب کہ ان کی دو بیٹیاں کالج میں زیر تعلیم ہیں۔
اسکاٹ اربوم نے قونصل جنرل کے عہدے کا آغاز امریکا اور پاکستان کے سفارتی تعلقات کی 77ویں سالگرہ کے موقع پر کیا، جس کا مقصد امریکا اور پاکستان کے درمیان مضبوط دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانا ہے۔ انہوں نے اقتصادی سرمایہ کاری میں اضافے، تجارتی تعاون اورفریم ورک برائے سبز اتحاد کی اہمیت پر زور دیا۔ یہ اسٹرٹیجک شراکت داری دونوں ممالک کے لیے باہمی فوائد فراہم کرنے اور امریکا اور پاکستان کے شہریوں کے درمیان عوامی سطح پر تعلقات کو فروغ دینے کے لیے بنائی گئی ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔