سائنس دانوں کا وہیل سے 20 منٹ تک بات چیت کا انکشاف
الاسکا: امریکی سائنس دانوں نے امریکی ریاست الاسکا میں ایک وہیل سے 20 منٹ کی طویل بات چیت کے بعد وہیل سے گفتگو کو ممکن قرار دے دیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق جنوبی مشرقی الاسکا میں 38 سالہ ٹوین نامی وہیل نے پہلے سے ریکارڈ شدہ ٹیلیفونک کال کا ردِعمل دیتے ہوئے ایس ای ٹی آئی انسٹی ٹیوٹ اور یوسی ڈیوس کے محققین سے گفتگو کی۔
محققین کی ٹیم کا کہنا تھا کہ ایسا پہلی بار ہوا ہے کہ وہیل اور انسانوں نے اپنی اپنی زبانوں میں ایک دوسرے سے گفتگو کی۔ ماہرین کا یہ بھی کہنا تھا کہ یہ امر آگے چل کر مستقبل میں دوسری دنیا کی مخلوقات سے گفتگو کرنے کی صلاحیت کے امکانات کو بھی روشن کرتا ہے۔
سائنس دانوں نے خیرمقدم پر مبنی مخصوص قسم کی کال جسے whup/throp کہا جاتا ہے، پانی کے اندر نشر کی، جسے سنتے ہی ایک وہیل کشتی کے پاس آئی اور آواز کے جواب میں خود بھی خیرمقدم پر مبنی آواز کے ذریعے ردعمل دینے لگی۔