سعودیہ کا اپنے شہریوں پر عائد سفری پابندیوں کے خاتمے کا اعلان

ریاض: سعودی عرب نے کورونا وبا کی وجہ سے سعودی شہریوں پر عائد سفری پابندیاں یکم جنوری 2021 سے مکمل طور پر ختم کرنے کا اعلان کردیا۔
سعودی وزارت داخلہ کے مطابق یکم جنوری 2021 سے سعودی ایئرپورٹس، بندرگاہیں اور سرحدی چوکیاں کھول دی جائیں گی اور سعودی شہری بیرون مملکت آ، جاسکیں گے۔
حکام کے مطابق ایگزٹ ری انٹری ویزے پر موجود غیر ملکیوں کو سعودی عرب واپس آنے کی بھی اجازت ہوگی اور اقامے یا ویزے والے غیر ملکیوں کو بھی سعودی عرب آنے کی اجازت ہوگی۔
سعودی میڈیا کے مطابق 15 ستمبر سے مخصوص کیٹیگریز میں شامل سعودی شہریوں اور رہائشیوں کو بین الاقوامی سفر کی اجازت ہوگی۔
واضح رہے کہ سعودی عرب میں کورونا کے باعث 4 ہزار افراد جاں بحق ہوئے ہیں جب کہ متاثرہ مریضوں کی تعداد 3 لاکھ سے تجاوز کرچکی ہے۔
سعودی وزارت داخلہ نے 20 جون کو ملک کے تمام شہروں میں کرفیو ختم اور معمولات زندگی بحال کرنے کا اعلان کیا تھا۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔