کرپشن کا الزام، سعودی شہزادوں کو عہدوں سے برطرف کردیا گیا

ریاض: کرپشن کے الزام میں سعودی فرمانروا شاہ سلمان نے فوجی اتحاد کے کمانڈر اور ان کے بیٹے کو عہدے سے برطرف کردیا۔
سعودی سرکاری میڈیا کے مطابق شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے شاہی فرمان جاری کرتے ہوئے مشترکہ افواج کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل شہزادہ فہد بن ترکی بن عبدالعزیز آل سعود کو کرپشن کے الزام میں برطرف کرکے جنرل مطلق بن سلیم کو ان کی جگہ مشترکہ افواج کا کمانڈر تعینات کردیا ہے۔
شہزادہ فہد کے بیٹے اور الجوف خطے کے نائب گورنر شہزادہ عبدالعزیز بن فہد کو بھی ان کی ذمے داریوں سے سبکدوش کردیا گیا ہے۔
ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے حکم پر وزارت دفاع میں مبینہ کرپشن کی تحقیقات جاری ہیں، جس کے دوران شہزادہ فہد سمیت متعدد فوجی اور سرکاری افسران کی برطرفیاں کرتے ہوئے انہیں شامل تفتیش کرلیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ شہزادہ محمد بن سلمان نے 2017 میں بھی انسداد بدعنوانی مہم کے دوران شاہی خاندان کے درجنوں شہزداوں، وزراء اور امرا کو نظربند کردیا تھا۔
سعودی عرب نے یمن میں حوثی باغیوں کی سرکوبی کے لیے 2015 میں اسلامی فوجی اتحاد تشکیل دیا تھا، جس کے کمانڈر ان چیف جنرل راحیل شریف ہیں۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔