سعودی وزارت حج کا عمرہ سیزن کی تاریخوں کا اعلان
ریاض: سعودی وزارت حج و عمرہ نے آئندہ عمرہ سیزن کے آغاز سے متعلق اہم تاریخوں کا اعلان کردیا۔
سعودی وزارت کے مطابق عمرہ زائرین 15 ذوالحج 1448 ہجری سے مکہ مکرمہ میں داخل ہوسکیں گے جب کہ عمرہ ویزوں کا اجرا 31 مئی 2026 سے شروع کیا جائے گا۔
وزارت حج و عمرہ کا کہنا ہے کہ نُسک ایپ کے ذریعےعمرہ اجازت نامے یکم جون 2026 سے دستیاب ہوں گے۔
ویزوں کی آخری تاریخ یکم شوال 1448ھ (9 مارچ 2027) ہے جب کہ زائرین کے داخلے کی آخری تاریخ 15 شوال 1448ھ (23 مارچ 2027) مقرر کی گئی ہے۔
سعودی عرب سے زائرین کی روانگی کی آخری تاریخ 30 شوال 1448 ہجری، 7 اپریل 2027 مقرر کی گئی ہے۔
سعودی حکام نے زائرین کو ہدایت کی ہے کہ وہ بروقت رجسٹریشن اور سفری دستاویزات مکمل رکھیں، تاکہ عمرہ ادائیگی میں کسی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔