ایران سے سفارتی تعلقات کی بحالی تمام اختلافات کا خاتمہ نہیں: سعودی وزیر خارجہ

ریاض: سعودی عرب کے وزیر خارجہ فیصل بن فرحان کا کہنا ہے کہ ایران سے سفارتی تعلقات کی بحالی کا مطلب تمام اختلافات کا خاتمہ نہیں۔
اپنے ملک کے میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں وزیر خارجہ فیصل بن فرحان نے کہا کہ ایران اور سعودی عرب بات چیت کے ذریعے اختلافات حل کرنا چاہتے ہیں، دونوں ممالک کے درمیان مفاہمت کا معاہدہ مشترکہ خواہشات کا عکاس ہے۔
فیصل بن فرحان نے کہا کہ دو ماہ میں ایران اور سعودی عرب کے سفارتی تعلقات بحال ہوجائیں گے اور سفارتی تعلقات کی بحالی کا مطلب ایران سے تمام اختلافات کا خاتمہ نہیں، ایران کی جوہری صلاحیتوں میں مسلسل اضافہ تشویش کا باعث ہے۔
سعودی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ خلیجی ممالک اور مشرق وسطیٰ کو تباہی پھیلانے والے ہتھیاروں سے پاک کرنے کے مطالبے کو دہراتے ہیں، لہٰذا ایران جوہری ذمے داریوں کو پورا کرے اور بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی کے ساتھ تعاون بڑھائے۔
فیصل بن فرحان نے مزید کہا کہ چین کے سعودی عرب اور ایران کے ساتھ مثبت تعلقات ہیں، اس لیے چین کی ثالثی میں معاہدہ، مشترکہ سلامتی، تعلقات بہتر بنانے میں معاون ثابت ہوگا، معاہدے کے مطابق ایرانی ہم منصب سے جلد ملاقات کا منتظر ہوں۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔