سرفراز نے ڈبل سنچری بناکر نظرانداز کرنے والوں کو کرارا جواب دے دیا

لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد نے ورلڈکپ کے لیے ٹیم میں شامل نہ کرنے اور پی سی بی کی جانب سے ڈی کیٹگری میں ڈالنے کا اپنے بلے کے ذریعے کرارا جواب دے دیا۔
لاہور وائٹس کے خلاف قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں کراچی وائٹس کے کپتان سرفراز احمد نے فرسٹ کلاس کرکٹ میں اپنی دوسری ڈبل سنچری بناکر ایک بار پھر سلیکٹرز کو غلط ثابت کردیا۔
سرفراز احمد نے 236 گیندوں پر ناقابل شکست 200 رنز بنائے، جس میں 24 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا جب کہ رمیز نے 264 گیندوں پر 15 چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے ناقابل شکست 151 رنز بنائے۔
میچ کے دوران پاکستان کی ڈومیسٹک کرکٹ کی تاریخ میں پہلی بار ایک ہی اننگز میں پانچ بلے بازوں نے سنچریاں بنانے کا نیا ریکارڈ قائم کیا۔ عالمی سطح پر فرسٹ کلاس کرکٹ میں ایک اننگز کے دوران پانچ سنچریاں بنانے کا یہ پانچواں موقع تھا۔
خرم منظور، اسد شفیق، عماد عالم، رمیز عزیز اور سرفراز احمد نے ایک ہی اننگز میں سنچریاں اسکور کیں۔
خیال رہے کہ سرفراز احمد نے حال ہی میں فرسٹ کلاس کرکٹ میں 9000 رنز مکمل کیے ہیں۔ انہوں نے 270 سے زائد اننگز میں شاندار 41.64 کی اوسط کے ساتھ بیٹنگ کی جب کہ ان کا بیسٹ اسکور 213 ناٹ آؤٹ ہے۔
سرفراز احمد کا شمار پاکستان کرکٹ ٹیم کے کامیاب ترین کپتانوں میں ہوتا ہے جن کی قیادت میں گرین شرٹس نے 2017 میں بھارت کو فائنل میں 180 رنز سے شکست دے کر چیمپئنز ٹرافی جیتی تھی۔ سرفراز کی کپتانی میں ہی پاکستان لگاتار 11 سیریز جیت کر دنیا کی نمبر ون ٹی ٹوئنٹی ٹیم بنا تھا۔

 

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔