مفت تعلیم کے لیے سرفراز احمد کا کراچی میں یونیورسٹی بنانے کا اعلان

کراچی: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد نے کراچی میں مفت تعلیم کے لیے یونیورسٹی بنانے کا اعلان کردیا، زیر تعلیم طلبہ اور طالبات کو بلامعاوضہ تعلیمی سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔
اس حوالے سے وکٹ کیپر بیٹر نے کہا کہ مہنگائی کے دور میں حصول علم بہت مشکل ہوگیا ہے، طلباء کے لیے تعلیم کے مالی اخراجات کا ادا کرنا ناممکن سا ہوگیا ہے جب کہ بڑھتی ہوئی فیس کے سبب بعض اوقات تعلیمی ادارے میں داخلہ لینا بھی ممکن نہیں ہوتا، مالی استعداد نہ ہونے پر تعلیم سے محروم نہیں ہونا چاہیے۔
سرفراز احمد نے کہا کہ فلاحی مقاصد کے لیے کوشاں غیر سرکاری تنظیم کے ساتھ مل کر یونیورسٹی قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اس یونیورسٹی میں طلباء کو مفت تعلیم فراہم کریں گے تاکہ وہ علم حاصل کرکے اپنا مستقبل سنواریں اور ملک و قوم کا نام روشن کریں۔
سابق کپتان کا کہنا ہے کہ یونیورسٹی کے قیام کے لیے بھرپور کوشش کررہے ہیں، اس ضمن میں عوامی تعاون بہت ضروری ہے، منصوبے کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز سمیت ملک بھر کی جامعات اور ماہرین تعلیم سے بھی رابطے کرکے تعاون حاصل کیا جائے گا۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔