ثانیہ مرزا کا ٹینس کو آنسوؤں کے ساتھ الوداع
میلبورن: بھارتی ٹینس کی ملکہ ثانیہ مرزا نے ٹینس کورٹ کو ہمیشہ کے لیے الوداع کہہ دیا۔
آسٹریلین اوپن کے مکسڈ ڈبلز فائنل میں ثانیہ مرزا اور ان کے ساتھی روہن بوپنا کو برازیلین جوڑی کے ہاتھوں 6-7 اور 2-6 سے شکست ہوئی۔
ثانیہ مرزا نے میچ کے اختتام پر حریف ٹیم کو جیت کی مبارک باد دی اور گفتگو کے دوران ان کی آنکھوں میں آنسو آگئے، انہوں نے کہا کہ میرا پروفیشنل کیریئر میلبورن سے شروع ہوا اور کیریئر کے اختتام کے لیے اسی جگہ کو چُنا۔
ثانیہ مرزا نے کہا کہ میں اپنے کیریئر پر اپنے والدین سمیت دوستوں کا شکریہ ادا کرتی ہوں، جنہوں نے مجھے سپورٹ کیا۔
قبل ازیں بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا نے حال ہی میں ویمن ٹینس ایسوسی ایشن کی ویب سائٹ کو دیے گئے ایک انٹرویو میں اعلان کیا تھا کہ وہ آئندہ ماہ دبئی ایونٹ کے بعد ریٹائر ہوجائیں گی۔