صحیفہ جبار کو مردانہ لباس پہننا مہنگا پڑگیا، سوشل میڈیا پر شدید تنقید
کراچی: اداکارہ و ماڈل صحیفہ جبار خٹک ایک بار پھر اپنے منفرد انداز کی وجہ سے شدید تنقید کی زد میں آگئی ہیں۔
مشہور ڈراموں بھول، لوگ کیا کہیں گے، رفتہ رفتہ، مورے پیا اور بیٹی میں اپنی اداکاری کے باعث پہچان بنانے والی صحیفہ حال ہی میں اپنے آبائی علاقے کے دورے کے دوران آف وائٹ رنگ کا مردانہ کرتا شلوار زیب تن کیے چھوٹے بالوں کے ساتھ ایک منفرد انداز میں نظر آئیں۔
صحیفہ جبار نے اپنی تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ اپنی جڑوں سے دوبارہ جڑنا ایک خوبصورت احساس ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انسان چاہے دنیا کی نظر میں کتنی ہی کامیابیاں حاصل کرلے، اپنے شہر اور لوگوں سے وابستگی ہمیشہ برقرار رہتی ہے۔ انہوں نے اپنی پوسٹ میں مقامی لوگوں کی محبت، دعوتوں اور پرتپاک استقبال کو بھی سراہا۔
تاہم صحیفہ کا یہ انداز سوشل میڈیا صارفین کو پسند نہ آیا اور ان کی پوسٹ پر صارفین نے انہیں تنقید کا نشانہ بنا ڈالا۔ کئی صارفین نے ان کے لباس اور حلیے پر تنقید کرتے ہوئے مختلف تبصرے کیے جب کہ بعض نے انہیں مردانہ ناموں سے بھی پکارا۔ کچھ افراد نے ان کے انداز کو غیر معمولی قرار دیا جب کہ دیگر نے ان کے حامیوں پر بھی تنقید کی کہ وہ ایسے طرزِ عمل کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔
دوسری جانب، بعض صارفین نے صحیفہ کے حق میں بھی رائے دیتے ہوئے کہا کہ ہر شخص کو اپنی پسند کے مطابق لباس پہننے اور اپنی شخصیت کا اظہار کرنے کا حق حاصل ہے۔
دھیان رہے کہ صحیفہ جبار کچھ عرصہ قبل بھی اپنے متنازع لباس کی وجہ سے سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا نشانہ بنی تھیں۔