صوبۂ سندھ میں تعلیمی ادارے معمول کے مطابق کھلے رہیں گے، سعید غنی
کراچی: وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ صوبے بھر میں تعلیمی ادارے معمول کے مطابق کھلے رہیں گے۔
اپنے ایک بیان میں سعید غنی کا کہنا تھا کہ این سی او سی میں پنجاب کے کچھ شہروں اور پشاور میں کورونا کیسز کی شرح بڑھنے پر وہاں 15 روز کے لیے تعلیمی ادارے موسم بہاراں کی چھٹیوں کے لیے کچھ پہلے ہی بند کیے گئے ہیں، صوبہ سندھ میں ایسی کوئی تعطیلات نہیں ہوتیں۔
سعید غنی کا کہنا تھا کہ محکمہ تعلیم سندھ کی اسٹیئرنگ کمیٹی کے گزشتہ اجلاس میں جو فیصلے ہوئے اسی پر عمل درآمد ہوگا، صوبے میں تمام تعلیمی ادارے 50 فیصد ہی بچوں کو بلانے کے پابند ہیں اور یہی سلسلہ مزید جاری رہے گا، اگر کسی تعلیمی ادارے میں خدانخواستہ کورونا کیسز آتے ہیں تو اس کو بند کیا جائے گا۔
وزیر تعلیم سندھ نے کہا کہ صوبے میں تعلیمی ادارے 15 مارچ سے بند ہونے کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں، صوبے بھر کے تمام تعلیمی ادارے معمول کے مطابق کھلے رہیں گے۔
خیال رہے کہ وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے اعلان کیا تھا کہ پنجاب، خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر میں کورونا کے بڑھتے کیسز کے باعث حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ سندھ اور بلوچستان میں حالات تقریباً ٹھیک ہیں اس لیے ان صوبوں میں 50 فیصد بچے اسکول آئیں گے جب کہ اسلام آباد، فیصل آباد، گوجرانوالہ، لاہور، گجرات، ملتان، راولپنڈی، سیالکوٹ اور پشاور میں تعلیمی ادارے 15 مارچ بروز پیر 2 ہفتوں کے لیے بند کردیے گئے ہیں، تمام تعلیمی ادارے 28 مارچ کو دوبارہ کھلیں گے۔ جن اداروں میں امتحانات ہورہے ہیں وہ جاری رہیں گے۔