امسال کسی صورت بغیر امتحانات طلبہ کو پروموٹ نہیں کیا جائیگا، سعید غنی

کراچی: سندھ کے وزیر تعلیم سعید غنی کا کہنا ہے کہ اس سال کسی بھی صورت بغیر امتحانات طلبہ کو پروموٹ نہیں کیا جائے گا۔
صوبائی وزیر تعلیم سعید غنی کی زیرصدارت محکمہ تعلیم کی اسٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں یکم فروری سے پرائمری، مڈل اور سیکنڈری کلاسز کھولنے پر تبادلہ خیال کیا گیا جب کہ امتحانات کے شیڈول اور سلیبس سے متعلق بھی مشاورت کی گئی۔
اس موقع پر سعید غنی کا کہنا تھا کہ کورس کو مزید کم نہیں کرسکتے، چاہے امتحانات کو ری شیڈول کیوں نہ کرنا پڑے، ہمیں غیر معمولی حالات کو مدنظر رکھ کر غیر معمولی فیصلے کرنے ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ کورونا کے باعث ہمارا تعلیمی شیڈول بری طرح متاثر ہوا ہے، ہمیں دوبارہ شیڈول کے مطابق آنے میں وقت لگے گا، نئے تعلیمی سال سے متعلق بھی حالات کو دیکھ کر ہمیں پلان کرنا ہوگا۔
اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سعید غنی نے کہا کہ ایجوکیشن اسٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس میں تعلیمی صورت حال پر گفتگو کی اور اتفاق ہوا کہ ہمیں امتحانات جلد بازی میں نہیں لینے چاہئیں، یقینی بنایا جائے کہ 60 فیصد نصاب بہتر پڑھایا جائے، تعلیمی و امتحانی شیڈول کا جائزہ لینے کے لیے کمیٹی قائم کردی گئی ہے جو ایک ہفتے میں رواں برس اور اگلے برس کا تعلیمی شیڈول بناکر دے گی۔
انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں 50 فیصد بچے آیا کریں گے اور تعلیمی اداروں میں کورونا ٹیسٹ کا سلسلہ بھی جاری رہے گا۔
اُن کا کہنا تھا کہ نصاب کم کرنے کے باوجود نصاب نہ پڑھایا جاسکے تو یہ زیادتی ہوگی، اس سال کسی بھی صورت بغیر امتحانات طلبہ کو پروموٹ نہیں کیا جائے گا۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔