سدپارہ کی تلاش، تاریخ کا بڑا فضائی آپریشن کیے جانے کا امکان!

اسلام آباد: محمد علی سدپارہ سمیت 2 کوہ پیماؤں کی تلاش کے لیے آج ملکی تاریخ کا سب سے بڑا فضائی آپریشن کیے جانے کا امکان ہے۔
پاکستان سے تعلق رکھنے والےعالمی شہرت یافتہ کوہ پیما محمد علی سدپارہ اور ان کے دو غیر ملکی ساتھی تاحال لاپتا ہیں۔ اس متعلق موسم ٹھیک رہا تو آج ملکی تاریخ کا سب سے بڑا فضائی آپریشن کیے جانے کا امکان ہے۔ سرچ ٹیم موسم ٹھیک ہوتے ہی سی ون تھرٹی کی مدد سے کے- ٹو کی بلند ترین سطح پر لاپتا کوہ پیماؤں کو تلاش کرے گی۔ جہاز میں نصب جدید ترین کیمرے سے پورے ڈیتھ زون کی عکس بندی کی جائے گی۔ سرچ آپریشن میں علی سدپارہ کے بیٹے ساجد سدپارہ بھی حصہ لیں گے۔
نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے ساجد سدپارہ نے کہا ان کے والد عالمی سطح کے کلائمبر اور اچھے فیصلہ ساز تھے۔ وقت گزرنے کے ساتھ ان کی زندگی کی امید ختم ہورہی ہے، واٹرلیگ سے واپس آنے کا فیصلہ میرا اپنا تھا۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کوہ پیماوٴں کی تلاش کے لیے پاک فوج اور حکومت ہر ممکن کوشش کررہی ہے، میری آئس لینڈ کے وزیر خارجہ سے اس حوالے سے بات ہوئی انہیں بھی ہم حالات سے باخبر رکھے ہوئے ہیں، بدقسمتی سے جیسے جیسے وقت گزر رہا ہے ہم ناامیدی کی طرف جارہے ہیں۔
خیال رہے کہ موسم سرما میں دنیا کے دوسرے بلند ترین پہاڑK2 سرکرنے کی مہم جوئی کے دوران علی سد پارہ اور دو غیر ملکی کوہ پیما جان اسنوری اور جوان پابلو 5 فروری سے لاپتا ہیں۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔