روس سستے داموں پٹرول اور ڈیزل فراہم کرے گا، وزیر مملکت

اسلام آباد: وزیر مملکت برائے پٹرولیم مصدق ملک نے کہا ہے کہ روس ہمیں سستے نرخوں پر پٹرول، ڈیزل اور خام تیل فراہم کرے گا۔
مصدق ملک کا اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا، عوام کو مبارک باد دینا چاہتا ہوں کہ روس کا دورہ کامیاب رہا، روس کا دورہ ہماری امیدوں سے زیادہ کامیاب رہا۔
ان کا کہنا تھا روس کے ساتھ خام تیل، پٹرول اور ڈیزل سے متعلق معاہدے ہوگئے ہیں، روس ہمیں رعایتی قیمت پر خام تیل فراہم کرے گا، روس پاکستان کو پٹرول اور ڈیزل بھی سستی قیمت پر دے گا۔
اُن کا کہنا تھا گزشتہ برس دنیا گرین انرجی کی طرف گئی، دنیا نے ایسے میں ایل این جی کا بڑا حصہ خرید لیا، روس کے پاس ابھی ایل این جی موجود نہیں ہے لیکن روس میں نجی کمپنیوں سے ایل این جی کے لیے بات چیت شروع ہوگئی ہے، روس کے سرکاری ایل این جی کارخانوں سے بھی بات چیت شروع ہوگئی ہے۔
مصدق ملک نے بتایا کہ روس سے پائپ لائن سے متعلق بھی گفتگو کی گئی، روس کی حکومت ایل این جی کے نئے کارخانے بنارہی ہے، روس کے نئے کارخانوں سے ایل این جی کے نئے معاہدے کریں گے۔
مصدق ملک کا کہنا تھا وزیراعظم کا حکم ہے کہ ملک کو زراعت میں خودکفیل ہونا ہوگا، کارخانوں کی چمنیوں سے ہر وقت دھواں نکلنا چاہیے، اس سے روزگار ملتا ہے، وزیراعظم نے کہا کہ چاہتا ہوں ہر نوجوان کو نوکری ملے، معیشت بڑھے گی تو نوکری ملے گی، ملک کی معیشت کو 7 فیصد تک آگے بڑھانا ہوگا۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔