فواد چوہدری، علی زیدی سمیت 154 ارکان اسمبلی کی رکنیت معطل!

اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے وفاقی وزیر فواد چوہدری، علی زیدی، عامر لیاقت اور خالد مقبول صدیقی سمیت 154 اراکین اسمبلی کی رکنیت معطل کردی۔
نجی ٹی وی کے مطابق مالی گوشوارے جمع نہ کرانے کی پاداش میں الیکشن کمیشن نے 154 اراکین اسمبلی کی رکنیت معطل کردی ہے، جن اراکین کی رکنیت معطل کی گئی ہے ان میں وفاقی وزرا فواد چوہدری، علی زیدی، خالد مقبول صدیقی، ڈاکٹر عامر لیاقت حسین اور فہمیدہ مرزا بھی شامل ہیں جب کہ 3 سینیٹرز مصدق ملک، کامران مائیکل اور شمیم آفریدی کی رکنیت بھی معطل کردی گئی ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق قومی اسمبلی کے 48، کے پی اسمبلی کے 26 اراکین کی رکنیت معطل کی گئی ہے جب کہ بلوچستان اسمبلی کے 6 ارکان کی رکنیت معطل کی ہے اور ان میں سردار یار محمد رند اور اختر لانگو بھی شامل ہیں۔
الیکشن کمیشن نے فیصلے سے سینیٹ، قومی و صوبائی اسمبلیوں کے اسپیکرز کو آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ معطل ارکان ایوان کی کارروائی میں حصہ نہیں لے سکتے اور گوشوارے جمع کروانے تک رکنیت معطل رہے گی۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔