رائٹ سائزنگ کا پلان تیار، ملک بے جا مراعات کا متحمل نہیں ہوسکتا، وزیر خزانہ

اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے ملک بے جا مراعات کا متحمل نہیں ہوسکتا، رائٹ سائزنگ کا مکمل پلان تیار کر لیا ہے۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا ریٹیلرز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا، ملک کی معیشت درست سمت میں جارہی ہے، پالیسی ریٹ میں کمی سے کاروباری برادری اور سرمایہ کاروں کو فائدہ ہورہا ہے جب کہ حکومت معیشت کے تمام شعبوں میں بنیادی اصلاحات کررہی ہے، اصلاحات سے ٹیکس وصولیوں میں اضافہ ہوا ہے۔
ان کا کہنا تھا وزیراعظم اور ان کی ٹیم معاشی استحکام کے لیے پُرعزم ہے، رائٹ سائزنگ کے لیے مکمل پلان تیار کیا ہے، اداروں کے تمام معاملات کو دیکھ کرہی رائٹ سائزنگ کی جائے گی، نج کاری کے عمل کو مزید شفاف کررہے ہیں۔
محمد اورنگزیب کا کہنا تھا ہمیں اپنے معاشی اہداف کا مکمل ادراک ہے، حکومتی اخراجات میں کمی کے لیے اقدامات کررہے ہیں، پائیدار معاشی استحکام کے لیے تمام اقدامات کیے جائیں گے، ملک بے جا مراعات کا متحمل نہیں ہوسکتا۔
بعدازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خزانہ کا کہنا تھا معیشت میں ریٹیل سیکٹر کا حصہ 19 فیصد ہے جب کہ ٹیکسز میں ریٹیل سیکٹر کا حصہ ایک فیصد ہے، آرٹیفیشیل انٹیلی جنس کو استعمال کرکے ٹیکس بڑھائیں گے۔
وزیر خزانہ کا کہنا تھا 9.4 ٹریلین کیش کی ڈاکیومینٹیشن کرنی ہے، قومی ایئرلائن کی نج کاری کو ری لانچ کررہے ہیں، 30 جون تک تمام اداروں کی رائٹ سائزنگ کا عمل مکمل کریں گے، مینو فیکچرنگ، سروسز اور تنخواہ دار طبقے پر ٹیکسز کا تناسب پائیدار نہیں ہے۔