بندروں کا انتقام، بلندی سے گراکر 250 کتے مار ڈالے
مہاراشٹر: بھارت کے ایک ضلع کے دو دیہات میں جانوروں کے درمیان عجیب پُرتشدد واقعات کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے، جس میں بندروں نے اب تک انتقام کے طور پر 250 کتوں کو بلندی سے گراکر مار دیا۔
سب سے پہلے کتوں کے ایک غول نے بندر کے ایک چھوٹے بچے کو گھیر کر قتل کیا۔ اس کے بعد بندر شدید غضب ناک ہوئے اور کتوں کو چن چن کر بلندی سے نیچے گراکر ماررہے ہیں۔ اس طرح مرنے والے کتوں کی تعداد 250 ہوچکی ہے۔ یہ سارا منظر دیکھ کرعوام پریشان اور بچے دہشت زدہ ہیں۔
مجل قصبے کے قریب چھوٹے دیہات میں یہ واقعات اب بھی ہورہے ہیں۔ یہ علاقہ مہاراشٹرریاست کے ضلع بیڑھ کے قریب ہے۔ اب یہ حال ہے کہ ایک لاول نامی گاؤں میں ایک بھی چھوٹا کتا نہیں بچا کیونکہ بندروں نے درجنوں کتوں کو مارا ہے جب کہ باقی خوف زدہ ہوکر بھاگ چکے ہیں۔ لیکن اب بندر اسکول کے بچوں کا پیچھا کرکے ان پر حملہ کررہے ہیں۔
لوگوں نے کہا ہے کہ بندر کتوں کو دبوچ لیتے ہیں اور انہیں بلندی سے گراکر ماررہے ہیں اور صرف ایک ماہ میں 200 سے زائد کتے مارے گئے ہیں۔ اب بندر انسانوں کا پیچھا کرنے لگے ہیں اور بالخصوص چھوٹے بچے سہمے ہوئے ہیں۔ ایک واقعے میں بندروں نے 8 سالہ بچے کو پکڑا اور زمین پر گھسیٹتے ہوئے دور تک لے گئے۔ جب لوگوں نے دھمکایا اور شور مچایا تو وہ اسے زخمی حالت میں چھوڑ کر رفوچکر ہوگئے۔
عوامی شکایات پر جنگلی حیات کے ماہرین یہاں پہنچے لیکن وہ ایک بھی بندر کو پکڑ نہیں کرسکے۔