انمول عرف پنکی کا رکن قومی اسمبلی صادق افتخار سمیت مختلف مشہور شخصیات سے رابطوں کا انکشاف
کراچی: کوکین کوئن انمول عرف پنکی کی گرفتاری کے بعد نئے انکشافات مسلسل منظرِعام پر آرہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق پنکی کی گرفتاری کو چند دن ہی گزرے ہیں کہ اس کے نیٹ ورک اور مبینہ روابط سے متعلق ہر گھنٹے بعد نئی معلومات سامنے آ رہی ہیں، جنہوں نے سیکیورٹی اداروں اور عوامی حلقوں میں تشویش پیدا کر دی ہے۔
تازہ ترین انکشاف کے مطابق انمول عرف پنکی کےرکن قومی اسمبلی صادق افتخار اور ان کی اہلیہ سے بھی رابطوں کا ذکر سامنے آیا ہے۔ پنکی نے صادق افتخار سے متعلق انکشاف کیا ہے کہ وہ اس کے پانچ لاکھ روپے کے مقروض ہیں۔ مزید انکشافات کے مطابق پنکی کے مبینہ کوکین نیٹ ورک کا دائرہ کافی وسیع تھا اور اس کے تقریباً 700 سے 800 صارفین ہونے کا دعویٰ کیا جارہا ہے۔ ان صارفین میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد شامل بتائے جاتے ہیں، جن میں شوبز انڈسٹری کی کچھ شخصیات کے نام بھی سامنے آئے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق اداکار منیب بٹ اور سارہ خان کے نام بھی ان افراد میں شامل کیے جارہے ہیں جو مبینہ طور پر اس نیٹ ورک کے صارفین کے طور پر زیرِ بحث آئے ہیں۔ تاہم ان الزامات کی تاحال آزادانہ تصدیق نہیں ہوسکی اور نہ ہی متعلقہ شخصیات کی جانب سے اس پر کوئی واضح ردعمل سامنے آیا ہے۔
قانون نافذ کرنے والے ادارے اس پورے معاملے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کر رہے ہیں تاکہ اس نیٹ ورک کے مکمل دائرہ کار اور اس میں شامل افراد کا تعین کیا جاسکے۔ عوامی و سماجی حلقوں میں اس انکشاف کے بعد شدید تشویش پائی جارہی ہے اور شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔