مذاکرات کیلیے تیار، پہلی شرط انتخابات کا اعلان ہے، فواد چوہدری
اسلام آباد: پی ٹی آئی کے رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ اگر حکومت الیکشن کا اعلان کردے تو ہم مذاکرات کے لیے تیار ہیں۔
رہنما تحریک انصاف فواد چوہدری کا سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہنا تھا حکومت کی مذاکرات کی دعوت کی خبریں غیر سنجیدہ ہیں، ایک طرف تحریک انصاف کے کارکنوں کو گرفتار کیا جارہا ہے، آزادی مارچ کی کوریج پر پابندیاں ہیں اور دوسری جانب ایک غیر سنجیدہ کمیٹی کی تشکیل کی خبریں صرف آزادی مارچ کو انگیج کرنے کے لیے ہیں، یہ چالاکیاں نہیں چلنی انتخاب کی تاریخ دیں۔
فواد چوہدری نے کہا کہ سنجیدہ مذاکرات کے لیے تیار ہیں لیکن پہلی شرط انتخابات کا اعلان ہے، آپ اعلان کریں کہ الیکشن مارچ یا اپریل میں ہوں گے تو بات ہوجائے گی۔
ان کا کہنا تھا رانا ثناء اللہ اور پرویز رشید کے بیانات سن کر دکھ ہوتا ہے، دونوں کے ساتھ کیا ہوا تھا، آج یہ لوگ لوگوں کو برہنہ کرکے تشدد کروارہے ہیں، کم از کم ان کو تو اس زیادتی پر واضح ہونا چاہیے تھا، میں نے اس وقت بھی اس عمل کی مذمت کی تھی، آج بھی ایسے اوچھے ہتھکنڈوں کے خلاف کھڑا ہوں۔
خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے گزشتہ روز عمران خان کی قیادت میں لاہور سے اسلام آباد کے لیے آزادی مارچ کا آغاز کیا تھا، عمران خان کا کہنا ہے ہمارا واحد مطالبہ ملک میں فوری اور شفاف انتخابات ہیں۔