محمد راشد نے ایک اور بھارتی ریکارڈ توڑ دیا!
کراچی: پاکستان کے مایہ ناز مارشل آرٹ ماسٹر محمد راشد نے ایک اور بھارتی ریکارڈ پر قبضہ جمالیا۔
کراچی سے تعلق رکھنے والے نوجوان محمد راشد نے ایک مرتبہ پھر بھارتی کراٹے ماسٹر کو شکست دے کر پاکستان کا نام دنیا میں بلند کردیا۔ راشد نسیم نے ایک گھنٹے میں 10 کلو وزن باندھ کر 1370 ککس لگاکر بھارتی ریکارڈ توڑ دیا، اس سے پہلے یہ ریکارڈ بھارت کے جے انتھ ریڈی کے پاس تھا جنہوں نے ایک گھنٹے میں 1155 ککس لگا رکھی تھی، اس ریکارڈ کے ساتھ راشد نسیم کے ریکارڈز کی تعداد 60 ہوگئی جب کہ پاکستان اکیڈمی آف مارشل آرٹس کی طرف سے بنایا جانے والا یہ 74 واں ریکارڈ تھا۔
محمد راشد اس سے پہلے بھی بھارت کے 15 سے زائد ریکارڈ توڑ چکے۔ راشد نسیم کا کہنا ہے کہ پاکستان کے لیے 60 سے زائد ریکارڈز بنا چکا ہوں، چاہتا ہوں کہ حکومت پاکستان میری خدمات کو سراہتے ہوئے سرکاری اعزازسے نوازے، محمد راشد کا اگلا ہدف ملک کے لیے ریکارڈ کی سنچری بنانا ہے، انہوں نے کہا کہ اپنا یہ ریکارڈ پاکستانی عوام کے نام کرتا ہوں۔