ن لیگی رہنماؤں عطا تارڑ اور رانا مشہود کے گھروں پر چھاپے

لاہور: مسلم لیگ ن کے رہنما عطا تارڑ کے گھر جی تھری جوہر ٹاؤن میں پولیس نے چھاپہ مارا تاہم وہ گھر پر موجود نہیں تھے۔
نجی ٹی وی کا کہنا ہے کہ 25 مئی کو پیش آئے پرتشدد واقعات کے حوالے سے پولیس نے مسلم ن لیگ کے رہنما عطا تارڑ کے گھر جی تھری جوہرٹاؤن میں چھاپہ مارا، چھاپے کے دوران عطا تارڑ گھر پر موجود نہیں تھے جب کہ عطا تارڑ کے گھر چھاپے کے دوران کسی کو حراست میں نہیں لیا گیا۔
پولیس کے مطابق عطا تارڑ کو تفتیش کے لیے حاضری کا نوٹس بھجوایا گیا لیکن وہ پیش نہ ہوئے۔
ادھر پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما اور رکن پنجاب اسمبلی رانا مشہود احمد خان نے بھی کہا کہ پولیس نے ان کے گھر پر ریڈ کیا ہے۔
رانا مشہود کے مطابق پنجاب پولیس نے میرے گھر پر چھاپہ مارا، میں فیملی کے ہمراہ اسلام آباد میں موجود ہوں، پولیس نے صبح کے وقت میرے گھر پر چھاپہ مارا، میں اس کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہوں، پنجاب پولیس اوچھے ہتکھنڈوں پر اتر آئی ہے۔
خیال رہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے 25 مئی کو تشدد میں ملوث افراد کے بارے میں کارروائی کا کہا گیا تھا، 25 مئی کو پی ٹی آئی کا لانگ مارچ روکا گیا، لانگ مارچ میں کارکنوں پر تشدد کے الزام میں گزشتہ روز 12 ایس ایچ اوز تبدیل ہوئے اور لانگ مارچ کے وقت حکومت کی جانب سے پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکنوں کے خلاف مقدمات درج ہوئے تھے۔
پنجاب میں تبدیلی حکومت کے ساتھ ہی ان مقدمات کا رخ تبدیل کردیا گیا، جس کے بعد نئی حکومت نے سابق حکومت کے رہنماؤں کے خلاف کارروائی کا آغاز کردیا۔
دوسری جانب عطا تارڑ نے ٹوئٹر پر کہا کہ ہاشم ڈوگر صاحب میرا خیال تھا آپ وزیر ہیں مگر آپ تو انتہائی غیر سنجیدہ کردار نکلے۔ جس گھر میں، میں 15 سال پہلے رہتاتھا وہاں پولیس بھیج کر کسی راہ گیر کو ہراساں کرکے کیا ثابت کرنا چاہتے ہیں۔ یہ حال ہے آپ کا، خاک وزارت چلانی ہے آپ نے۔ ملک دشمن بیانیے کے دفاع میں اتنا آگے نہ جائیں۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔