وزیراعظم نے رمیز راجا کی چیئرمین پی سی بی تقرری کی منظوری دے دی
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے سابق کپتان رمیز راجا کی بطور چیئرمین پی سی بی تقرری کی منظوری دے دی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان (جو پاکستان کرکٹ بورڈ کے پیٹرن انچیف بھی ہیں) نے قومی ٹیم کے سابق کپتان رمیز راجا کی بطور چیئرمین پی سی بی تقرری کی منظوری دے دی ہے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ وزیراعظم آفس نے رمیز راجا کو فون کر کے چیئرمین پی سی بی بنائے جانے کی اطلاع دی۔
نجی ٹی وی سے گفتگو میں سابق ٹیسٹ کرکٹر رمیز راجا نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین پی سی بی بننا میرے لیے بہت اعزاز کی بات ہے۔
رمیز راجا کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کے اعتماد پر شکر گزار ہوں، مجھے عوام کی سپورٹ اور دعاؤں کی ضرورت ہے۔
ایک غیر ملکی ویب سائٹ سے گفتگو کرتے ہوئے سابق کپتان رمیز راجا کا کہنا تھا کہ میں نے پی سی بی چیئرمین کا عہدہ قبول کرلیا ہے، بہتری کا حصول میرا ہدف ہے۔