تہجد کے بعد رحمت کی بارش، مسجد الحرام میں ایمان افروز مناظر
مکہ المکرمہ: رمضان المبارک کے آخری ایام کے دوران خانہ کعبہ میں ایک روح پرور منظر دیکھنے کو ملا، جب نمازِ تہجد کے فوراً بعد اچانک موسلا دھار بارش شروع ہوگئی۔ مسجد الحرام میں موجود لاکھوں زائرین اس خوبصورت لمحے کے گواہ بنے اور بارش کو اللہ کی رحمت قرار دیتے ہوئے خوشی اور شکرگزاری کا اظہار کرتے رہے۔
بارش کے باعث ماحول نہایت خوش گوار ہوگیا، جہاں عبادت گزار نہ صرف عبادت میں مصروف رہے بلکہ اس دلکش منظر سے بھی لطف اندوز ہوتے رہے۔ کئی زائرین نے بارش میں بھیگتے ہوئے دعائیں مانگیں جب کہ کچھ نے اس یادگار لمحے کو اپنے کیمروں میں محفوظ کیا۔
دوسری جانب انتظامیہ اور صفائی کے عملے نے فوری اپنی ذمے داریاں سنبھال لیں۔ عملے کے کارکنان نے صحنِ حرم، اندرونی حصوں اور بیرونی فرش سے بارش کا پانی تیزی سے صاف کیا، تاکہ عبادت گزاروں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
حکام کے مطابق لاکھوں زائرین کی موجودگی کے باوجود بہترین انتظامات کو یقینی بنایا گیا جب کہ عملہ مسلسل رہنمائی اور سہولتیں فراہم کرتا رہا۔ بارش کے باوجود عبادات کا سلسلہ بغیر کسی رکاوٹ کے جاری رہا۔
یہ منظر نہ صرف روحانیت سے بھرپور تھا بلکہ اس نے رمضان کے آخری عشرے کی برکتوں کو اور بھی نمایاں کردیا، جسے دیکھ کر ہر آنکھ اشک بار اور ہر دل مطمئن نظر آیا۔