کراچی میں جمعہ کی صبح سے ہفتے کی رات تک بارش متوقع
کراچی: محکمہ موسمیات نے شہر قائد میں جمعہ کی صبح سے ہفتے کی رات تک ہلکی تیز بارش کی پیش گوئی کی ہے۔
موسمیاتی تجزیہ کار کے مطابق کراچی کے علاقے ملیر، ایئرپورٹ، گلشن حدید، اسٹیل ٹاؤن اور گڈاپ میں ژالہ باری کا امکان ہے، شہر میں ٹھنڈی اور خشک ہوائیں چلنے کا بھی امکان موجود ہے جب کہ کراچی کے مضافات میں درجہ حرارت 9 سے 10 ڈگری سینٹی گریڈ تک جاسکتا ہے۔
موسمیاتی تجزیہ کار کے مطابق کراچی میں ژالہ باری کا امکان 20 سے 30 فیصد ہے۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات کا بتانا ہے کہ مغربی ہواؤں کا سلسلہ آج بلوچستان پر اثرانداز ہوگا، آج سے مغربی ہواؤں کے سسٹم کی شدت میں اضافے کا امکان ہے، جس کے تحت آج رات سے سندھ کے مختلف مقامات پر آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش بھی متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سکھر، گھوٹکی، ٹھٹھہ، بدین، حیدرآباد، تھرپارکر اور اطراف میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔