کراچی کے مختلف علاقوں میں تیز اور ہلکی بارش کا سلسلہ جاری

کراچی: شہر قائد میں آج بارش کا سلسلہ تیسرے روز بھی جاری ہے۔ کراچی کے مختلف علاقوں میں ہلکی اور تیز بارش جاری ہے۔
بارش سے کئی علاقوں میں جل تھل ہوگیا اور گرمی کی شدت کم ہونے سے موسم خوش گوار ہوگیا۔ نکاسی آب کا بہتر انتظام نہ ہونے سے شہر کے مختلف علاقوں میں گٹر اُبل پڑے۔
سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے مختلف علاقوں میں ٹریفک جام ہوگیا جس کے نتیجے میں شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ بارش کے باعث شہر کے بعض علاقوں میں بجلی بھی چلی گئی۔
دوسری طرف محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر میں آئندہ روز کے دوران تیز بارشوں کا امکان کم ہوگیا ہے۔
نجی ٹی وی سے خصوصی گفتگو میں چیف میٹرولوجسٹ کراچی سردار سرفراز نے بتایا کہ آج درجہ حرارت زیادہ سے زیادہ 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔
چیف میٹرولوجسٹ نے بتایا کہ شہر میں شام کے اوقات میں سمندری ہوائیں بھی مکمل بحال ہوجائیں گی، آئندہ دنوں میں صبح اور شام کے اوقات میں ہلکی بارش یا بوندا باندی ہوسکتی ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔