پاکستان کے مختلف حصوں میں بارش و برف باری، سردی میں اضافہ
اسلام آباد/ پشاور: پاکستان کے مختلف حصوں میں بارش اور برف باری سے موسم سرد ہوگیا، پشاور سمیت پختونخوا کے مختلف علاقوں میں بارش سے سردی میں مزید اضافہ ہوگیا جب کہ سرد موسم ہونے سے شہریوں نے گرم کپڑے اور سوئٹر نکال لیے۔
پشاور سمیت پختونخوا کے مختلف علاقوں میں بادل چھائے رہے، دوپہر کی بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا جس سے سردی کی شدت مزید بڑھ گئی، پشاور، مردان، صوابی، چارسدہ، سوات، خیبر اور دیگر علاقوں میں بارش سے درجہ حرارت گر گیا، آج بھی بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے۔
چترال اور دیر بھر میں گزشتہ رات سے مسلسل بارش اور بالائی علاقوں میں برف باری ہورہی ہے۔ لواری ٹنل، کالاش کی وادیوں، مڈکلشٹ، گرم چشمہ، اپر چترال کے کھوت، بروغل، یارخون، تریچ سمیت کئی مقامات میں برف باری ہوئی اور تمام پہاڑوں نے برف کی سفید چادر اوڑھ لی۔ لاہور میں بھی ہلکی بارش سے موسم سرد ہوگیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر بالائی علاقوں میں مطلع جزوی ابرآلود رہے گا جبکہ خیبر پختونخوا، شمالی بلوچستان، اسلام آباد، بالائی، وسطی پنجاب، گلگت بلتستان اور کشمیر میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے، ملک کے دیگرعلاقوں میں موسم خشک رہے گا۔