قطر پاکستان میں 3 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا
اسلام آباد: قطر کی جانب سے پاکستان میں 3 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرنے کا فیصلہ سامنے آیا ہے۔
وفاقی وزیراطلاعات عطااللہ تارڑ نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران قطر کے دورے میں سرمایہ کاری سے متعلق ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کیا اور کہا کہ قطر کی اس سرمایہ کاری سے پاکستان کی معیشت کو مزید تقویت ملے گی، پاکستان کی معیشت ترقی کی جانب گامزن ہے، مہنگائی 6.9 فیصد پر آ گئی ہے اور ریکارڈ ترسیلات پاکستان میں آئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شرح سود میں کمی ہوئی ہے، خارجہ محاذ پر پاکستان کی عزت میں اضافہ ہوا ہے، دوست ممالک کی طرف سے سرمایہ کاری کی جارہی ہے اور شہباز شریف کا معاشی ایجنڈا تیزی سے پایۂ تکمیل کو پہنچ رہا ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ قطر نے پاکستان کے حوالے سے نمائش کا انعقاد کیا، پاکستانی فنکاروں اور مصوروں کو اس نمائش میں مدعو کیا گیا، نمائش میں 1947 سے اب تک کے پاکستان کے فن پارے پیش کیے گئے، اس نمائش کے انعقاد پر امیر قطر اور ان کی ہمشیرہ کے شکر گزار ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اس نمائش کے انعقاد سے پاکستان کی عزت افزائی ہوئی ہے، دنیا بھر سے آئے ہوئے لوگوں نے پاکستانی فن پاروں کو سراہا۔
وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ امیر قطر اور وزیراعظم شہباز شریف کے درمیان غیر روایتی گرم جوشی دیکھنے میں آئی اور وزیراعظم کا دورۂ سعودی عرب اور قطر انتہائی کامیاب رہا۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کے دورۂ سعودی عرب میں ہونے والی ملاقاتیں بھی نتیجہ خیز رہی ہیں، ملکی معیشت کی بحالی اور استحکام میں سعودی عرب کا اہم کردار ہے، حال ہی میں سعودی وزیر سرمایہ کاری پاکستان آئے، یہاں 27 مفاہمت کی یادداشتیں دستخط ہوئی تھیں جن کی مالیت 2.2 ارب ڈالر تھی۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ انوسٹمنٹ کانفرنس کی سائیڈ لائنز پر سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے وزیراعظم کی انتہائی خوش گوار ماحول میں ملاقات ہوئی اور سعودی عرب کے ساتھ مزید معاہدے ہوئے ہیں، 5 ایم او یوز پر کام شروع ہوچکا اور سعودی عرب کی سرمایہ کاری 2.2 ارب ڈالر سے بڑھ کر 2.8 ارب ڈالر ہوچکی ہے۔
عطااللہ تارڑ نے کہا کہ 60 کروڑ ڈالر کی اضافی سرمایہ کاری سے معیشت پر مثبت اثر پڑے گا۔