قطر: اسرائیل کیلیے جاسوسی پر بھارتی بحریہ کے 8 افسران کو سزائے موت متوقع
دوحہ: اسرائیل کے لیے جاسوسی کرنے پر بھارتی بحریہ کے 8 افسران بڑی مشکل میں پھنس گئے، اسرائیل کے لیے جاسوسی کرنے کے الزام میں قطر میں گرفتار بھارتی بحریہ کے 2 کمانڈرز سمیت 8 سابق اہلکاروں کو موت کی سزا متوقع ہے۔
بھارتی اخبار کے مطابق انڈین بحریہ کے اعلیٰ ملٹری ایوارڈ یافتہ کمانڈر پرنیندا تیواڑی سمیت 8 ریٹائرڈ افسران قطر میں الظاہرہ گلوبل ٹیکنالوجیز اینڈ کنسلٹنسی سروسز میں ملازمت کررہے تھے۔
بھارتی بحریہ کے ان آٹھوں سابق افسران کو گزشتہ برس اگست میں قطر کے اسٹیٹ سیکیورٹی بیورو نے حراست میں لیا تھا۔ گرفتار 8 نیوی اہلکاروں میں سے دو کمانڈرز تھے۔
اپنے ان سابق افسران کی قطر میں گرفتاری سے مودی سرکار لاعلم تھی۔ بے خبر بھارتی وزارت دفاع و خارجہ کو گرفتاری سے متعلق گرفتار شدگان میں سے ایک کی اہلیہ کی ٹوئٹ سے معلوم چلا۔
قطر کی خفیہ ایجنسی نے ان اہلکاروں کے ڈیجیٹل پیغامات کا سراغ لگایا تھا، جس میں اہم قومی راز اسرائیل کو بتائے گئے تھے۔
قطر میں قید بھارتی بحریہ کے ان 8 سابق اہلکاروں پر اسرائیل کے لیے جاسوسی کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔
قطر کے تفتیشی ادارے کی تحقیقات کے مطابق ان اہلکاروں نے اٹلی سے جدید آبدوزیں خریدنے سے متعلق قطر کے خفیہ پروگرام کی تفصیلات اسرائیل کو فراہم کی تھیں۔
اس الزام میں قطر کے انٹرنیشنل ملٹری آپریشنز کے سربراہ سمیت نجی دفاعی کمپنی کے چیف ایگزیکٹو افسر بھی گرفتار ہیں اور بھارتی بحریہ کے آٹھوں افسران بھی اسی کمپنی میں ملازم تھے۔
قطر میں ملکی سلامتی، جاسوسی اور قومی راز کو افشا کرنے کے خلاف سخت قوانین رائج ہیں جن کی سزا موت ہے۔
بھارتی بحریہ کے سابق اہلکاروں پر اسرائیل کے لیے جاسوسی کرنے کے مقدمے کی سماعت 3 مئی کو ہوگی، جس میں ممکنہ طور پر ملزمان کو پھانسی کی سزا بھی ہوسکتی ہے۔