پنجاب: شرپسندوں کیخلاف آرمی ایکٹ کے تحت کارروائی کے فیصلے کی منظوری

لاہور: پنجاب میں نگراں حکومت نے آرمی تنصیبات اور املاک پر حملہ کرنے والے شرپسندوں کے خلاف آرمی ایکٹ کے تحت کارروائی کے فیصلے کی منظوری دے دی۔
پنجاب کے نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں امن و امان کی صورت حال اور 9 مئی کے دہشت گردی کے واقعات کے ذمے داروں کے خلاف قانونی کارروائیوں کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں آرمی تنصیبات اور املاک پر حملہ کرنے والے شرپسندوں کے خلاف آرمی ایکٹ کے تحت کارروائی کے فیصلے کی منظوری دی گئی۔
اجلاس میں شرپسندوں کے خلاف مقدمات کے لیے جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم کی تشکیل دینے کی منظوری بھی دی گئی۔
نگراں وزیراعلیٰ نے 9 مئی کے واقعات میں ملوث افراد کی گرفتاری جلد یقینی بنانے کا حکم دیتے ہوئے دہشت گردی کے واقعات کے اصل ذمے داروں کی شناخت کے لیے تمام سیکیورٹی اداروں کے باہمی اشتراک پر زور دیا۔
نگراں وزیراعلیٰ پنجاب نے ہدایت کی کہ ملزموں، سہولت کاروں اور ماسٹر مائنڈز تک پہنچنے کے لیے موثر میکانزم وضع کیا جائے۔
اجلاس میں دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ 32 مقامات کی جیو فینسنگ کرکے ملزمان کو ٹریس کیا جارہا ہے، تصاویر اور ویڈیوز میں چہرے سے شناخت کے لیے نادرا کے ڈیٹا بیس سے مدد لی جارہی ہے۔
محسن نقوی نے گرفتار افراد پرالزامات کی تصدیق کے لیے فول پروف طریقہ کار اپنانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ کسی بھی بے گناہ کی گرفتاری نہ ہونے کو یقینی بنانے کے لیے پروفیشنل طریقے سے کام کریں، تمام شرپسندوں کے خلاف قانونی کارروائی کو پیشہ ورانہ طریقے سے آگے بڑھایا جائے، موثر تفتیش کے بعد پراسیکیوشن اپنا کام بہتر طریقے سے کرے تاکہ کوئی بھی ذمے دار بچ نہ پائے۔

 

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔