پی ٹی وی لائسنس فیس میں 65 روپے اضافے کی منظوری!
اسلام آباد: وفاقی حکومت نے پاکستان ٹیلی وژن کی فیس میں 65 روپے کا اضافہ کرنے کی منظوری دے دی۔
ذرائع کے مطابق بجلی کے بلوں میں پی ٹی وی کی فیس 35 روپے سے بڑھا کر 100 روپے کردی جائے گی۔ حکومت نے وفاقی کابینہ سے بذریعہ سرکولیشن پی ٹی وی فیس بڑھانے کی منظوری لی ہے۔
حکومت صارفین سے پی ٹی وی کی فیس بجلی کے بلز میں وصول کرتی ہے اور اس فیصلے سے صارفین پر سالانہ 21 ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔
پی ٹی وی بجلی بلوں میں کٹوتی سے سالانہ ساڑھے 5 ارب ملنے کے باوجود خسارے کا شکار ہے۔ پی ٹی وی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے اربوں روپے کے خسارے کا بوجھ عوام پر ڈالنے کے لیے لائسنس فیس بڑھانے کی تجویز دی تھی جو منظور کی گئی ہے۔
پی ٹی وی نے صارفین کے بجلی کے بلز میں شامل ٹی وی لائسنس کی فیس میں اضافہ کرکے اپنی آمدن میں اضافہ کرنے کی تجویز کا یہ جواز دیا ہے کہ دنیا بھر میں سرکاری نشریاتی اداروں کو حکومتیں ٹی وی لائسنس فیس کے ذریعے مدد کرتی ہیں، تاکہ قومی بیانیے اور اتحاد کے لیے تعلیمی اور معلوماتی مواد کی ترویج کی جاسکے۔