میئر کراچی کیلیے پی ٹی آئی کا حافظ نعیم کی حمایت کا اعلان
کراچی: میئر کراچی کے انتخاب میں پی ٹی آئی نے جماعت اسلامی کے حافظ نعیم الرحمان کی حمایت کا اعلان کردیا۔
اس حوالے سے پی ٹی آئی ترجمان کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف میئر کراچی کے انتخاب میں جماعت اسلامی کے امیدوار کو سپورٹ کرے گی۔
تحریک انصاف کے ترجمان کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی میئر کراچی کے انتخابی عمل میں پری پول رگنگ کررہی ہے، منتخب بلدیاتی نمائندگان کو سندھ پولیس کے ذریعے اغوا کرایا جارہا ہے۔
ترجمان کے مطابق پیپلز پارٹی 4 بار بلدیاتی انتخاب سے پیچھے بھاگی، اب عجلت میں میئر کا انتخاب کرانا چاہتی ہے، بلدیاتی نمائندگان کی حلف برداری سے پہلے ان کو اغوا کیا جارہا ہے، پی ٹی آئی اس معاملے پر عدالت سے بھی رجوع کرچکی ہے۔
ترجمان تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ میئر کا انتخاب شفاف طریقہ کار سے ہونا چاہیے، پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم نہیں چاہتیں کہ عوامی مینڈیٹ قبول کیا جائے۔
دوسری جانب پیپلز پارٹی کی قیادت نے میئر کراچی کے عہدے کے لیے مرتضیٰ وہاب کے نام کی منظوری دی ہے۔
دھیان رہے کہ کراچی میں بلدیاتی انتخابات میں کل 246 میں سے 240 نشستوں کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق پیپلز پارٹی نے 98، جماعت اسلامی نے87 اور تحریک انصاف نے 43 سیٹیں جیتی ہیں جب کہ ن لیگ نے 7، جے یوآئی نے 3، تحریک لبیک اور آزاد امیدوار نے ایک ایک سیٹ جیتی ہے۔
اس کے علاوہ 6 یونین کمیٹیز کی نشستوں پر نتائج کا معاملہ عدالت میں زیرسماعت ہے۔