پی ٹی آئی کے صدر چوہدری پرویز الٰہی گرفتار

لاہور: پی ٹی آئی کے صدر چوہدری پرویز الٰہی کو لاہور سے گرفتار کرلیا گیا۔
سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی کو لاہور میں ان کے گھر کے قریب سے گرفتار کیا گیا، پرویز الٰہی کو اینٹی کرپشن پولیس نے گرفتار کیا۔
ذرائع کے مطابق چوہدری پرویز الہٰی اپنی گاڑی میں جارہے تھے کہ پولیس نے گاڑی روک کر انہیں گرفتار کیا، اینٹی کرپشن حکام پرویز الٰہی کو دوسری گاڑی میں بٹھا کر ساتھ لے گئے۔
چوہدری پرویز الٰہی کے ترجمان نے بھی سابق وزیراعلیٰ پنجاب کی گرفتاری کی تصدیق کردی ہے۔
نگراں وزیر اطلاعات پنجاب عامر میر نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری پرویز الٰہی کی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا پرویز الٰہی پولیس کو مطلوب تھے اور انہیں فرار ہونے کی کوشش میں گرفتار کرلیا گیا۔
عامر میر نے کہا کہ چوہدری پرویز الٰہی چھپنے کی کوشش میں ماہر ہیں لیکن چونکہ کچھ روز سے علاقے کا محاصرہ کر رکھا تھا اور اگر وہ آج بھی نہ نکلتے تو شاید گرفتار نہ ہوتے۔
انہوں نے کہا کہ چوہدری پرویز الٰہی کی گرفتاری کے دوران مزاحمت بھی کی گئی اور جس گاڑی میں وہ موجود تھے وہ بلٹ پروف تھی، دروازہ کھولنے کی کوشش کی گئی تو دروازہ نہ کھولا گیا جس کے بعد گاڑی کے شیشے توڑنے کی کوشش کی گئی اور پھر جب گاڑی کا دروازہ کھلا تو اندر سے چوہدری پرویز الٰہی برآمد ہوئے۔
خیال رہے کہ چوہدری پرویز الٰہی نے کرپشن کے مقدمے میں عدالت میں عبوری ضمانت کی درخواست دائر کی تھی تاہم گوجرانوالا کی اینٹی کرپشن عدالت نے چوہدری پرویز الٰہی کی درخواست مسترد کردی تھی کیونکہ ضمانت کے لیے ملزم کا عدالت میں پیش ہونا ضروری ہوتا ہے۔
پولیس نے اس سے قبل بھی چوہدری پرویز الٰہی کی گرفتاری کے لیے کئی بار چھاپے مارے تھے تاہم ان کی گرفتاری عمل میں نہیں آسکی تھی۔

 

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔