استعفے قبول نہ کرنے کیلیے پی ٹی آئی ارکان نے پاؤں پکڑے ہوئے ہیں، بلاول
اسلام آباد: وزیر خارجہ اور پی پی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے ارکان نے استعفے قبول نہ کرنے کے لیے اسپیکر کے پاؤں پکڑے ہوئے ہیں۔
میڈیا سے گفتگو میں وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وقت آتا ہے تو شاہ محمود قریشی اور پرویز خٹک بھی غائب ہوجاتے ہیں۔ پی ٹی آئی والے پارلیمنٹ میں اپنا کردار ادا کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر 6 ماہ عمران خان کی حکومت نہیں رہتی تو کیا مسئلہ ہے۔ عمران خان کی دوبارہ انتخابات کی ضد پوری نہیں ہوگی۔ عمران خان کی سیاست ملک کے لیے نقصان دہ ہے۔ جھوٹ، نفرت، جلاؤ گھیراؤ کی سیاست ملک کو نقصان پہنچاتی ہے۔ سیلاب سے پہلے نالائق، نااہل وزیراعظم کو نکالنا خوش قسمتی تھی۔ عمران خان نے بطور وزیراعظم ایک مرتبہ بھی سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ نہیں کیا۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ ایم کیو ایم سے اختلافات رہے ہیں اور آگے بھی ہوں گے لیکن ہمیں مل کر کام کرنے کی کوشش کرنا چاہیے۔ ہم ایم کیو ایم سے معاہدے کے تحت چلنا چاہتے ہیں۔ ان کے ساتھ جوبھی مسائل ہیں، ان پر بیٹھ کر بات کرنے کو تیار ہیں۔ بلدیاتی انتخابات میں تاخیرسے انتظامی امور متاثر ہوتے ہیں۔