لانگ مارچ: قافلے اسلام آباد داخل، PTI کارکنوں کو ڈی چوک پہنچنے کی ہدایت

اسلام آباد: پی ٹی آئی رہنما پرویز خٹک اور مراد سعید قافلوں کے ہمراہ رکاوٹیں عبور کرتے ہوئے ڈی چوک پہنچنے میں سرخرو، قافلے بھی اسلام آباد میں داخل ۔
نجی ٹی وی کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی کال پر پی ٹی آئی کے کارکنان اور عوام حکومت کے خلاف سڑکوں پر نکلے، جو رکاوٹیں عبور کرتے ہوئے اپنی منزل کی جانب رواں دواں ہیں، شرکا کو روکنے کے لیے انتظامیہ بھی متحرک نظر آئی جس کے باعث کراچی، لاہور، راولپنڈی میں تصادم بھی ہوا۔
پنجاب پولیس نے پی ٹی آئی کی دو خاتون رہنماؤں یاسمین راشد اور عندلیب عباس کو گرفتاری کے کچھ ہی دیر بعد رہا کردیا، علاوہ ازیں حماد اظہر آنسو گیس کا شیل لگنے سے معمولی زخمی بھی ہوئے۔لاہور پولیس کی جانب سے حماد اظہر کو گرفتار کرنے کی کوشش کی گئی تاہم کارکنان نے کوشش کو ناکام بناتے ہوئے انہیں باحفاظت گاڑی تک پہنچایا۔
آزادی مارچ میں شرکت کے لیے خیبرپختونخوا سے آنے والے پی ٹی آئی کارکنان اٹک پل پر جمع ہونا شروع ہوگئے، پولیس نے مقامی قیادت کو گرفتار کرنے کی خاطر آنسو گیس کی شیلنگ کی۔
کارکنان حسن ابدال سمیت مختلف مقامات پر کھڑی رکاوٹوں کو ہٹاتے ہوئے اسلام آباد پہنچے، پرویز خٹک اور اعظم سواتی کی زیر قیادت پی ٹی آئی کا قافلہ سری نگر ہائی وے پہنچا، جس کے بعد خٹک نے قافلے کے ہمراہ ڈی چوک جانے کی کوشش کی تو پولیس نے شدید شیلنگ کی جس پر پی ٹی آئی کارکنان کو پسپائی کا سامنا کرنا پڑا۔بعد ازاں اعظم سواتی سمیت دیگر رہنماؤں نے بھی کارکنان کو سری نگر ہائی وے سے ہر صورت ڈی چوک پہنچنے کی ہدایت کی جس پر انتظامیہ نے مارگلہ روڈ سے بھی ریڈ زون انڑی پر کنٹینر رکھ کر بند کر دیا۔
مراد سعید، پرویز خٹک کارکنان کی بڑی تعداد کے ہمراہ رکاوٹیں عبور کرتے ہوئے کامیابی سے ڈی چوک پہنچ گئے جبکہ پی ٹی آئی کے بڑی تعداد میں قافلے بھی اسلام آباد میں داخل ہوچکے جو پارٹی قیادت کے حکم پر ڈی چوک کی جانب رواں دواں ہیں۔
اسلام آباد پولیس نے سری نگر ہائی وے اور ڈی چوک پر کریک ڈاؤن کرتے ہوئے احتجاج کرنے والے 40 سے 50 افراد کو گرفتار کرکے مختلف تھانوں میں منتقل کردیا۔ حکومت نے لانگ مارچ کو روکنے کے لیے راولپنڈی سے اسلام آباد جانے والے تمام راستوں کو کنٹینرز لگا کر سیل کررکھا ہے۔
آزادی مارچ سے کو روکنے کے لیے مری روڈ، فیض آباد کو ایکسپریس ہائی وے، آئی جے پی روڈ کو کنٹینرز اور خاردار رکاوٹیں لگا کر مکمل طور پر بند کردیا گیا ہے۔
راولپنڈی میں مظاہرین اور پولیس میں شدید جھڑپیں جاری رہیں جس کے باعث راولپنڈی مریڑ چوک سے فیض آباد تک مری روڈ میدان جنگ کا منظر پیش کررہا ہے جبکہ پولیس کی طرف سے ربڑ بلٹ فائر کیے جارہے ہیں جس سے متعدد کارکنان زخمی ہوگئے۔
دارالحکومت سے منسلک راولپنڈی میں میٹرو بس سروس اور پبلک ٹرانسپورٹ، بس اڈے سمیت تعلیمی اداروں کو بند کردیا گیا ہے جبکہ جڑواں شہروں میں آج ہونے والے پرچے بھی ملتوی کر دیے گئے ہیں۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔