اراضی معاملہ، پی ٹی آئی رہنما شیریں مزاری گرفتار

اسلام آباد: پی ٹی آئی کی رہنما شیریں مزاری کو اپنے گھر کے باہر سے گرفتار کرلیا گیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق تحریک انصاف کی رہنما و سابق وفاقی وزیر شیریں مزاری کو اینٹی کرپشن کے اہلکاروں نے اسلام آباد میں واقع ان کے گھر کے باہر سے گرفتار کرلیا جہاں سے انہیں تھانہ کوہسار لایا گیا ہے۔
اس حوالے سے سابق وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے بھی ان کی گرفتاری کے حوالے سے ٹویٹ کیا ہے جب کہ پی ٹی آئی رہنما افتخار درانی نے بھی ان کی گرفتاری کی تصدیق کی ہے۔ پی ٹی آئی رہنماؤں نے بتایا کہ انہیں ان کے گھر کے باہر سے گرفتار کیا گیا جس کی مذمت کرتے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق شیریں مزاری کو اینٹی کرپشن ونگ ڈی جی خان نے اراضی کے ایک مقدمے میں گرفتار کیا اور تھانہ کوہسار لے گیا جہاں سے انہیں لاہور لے جانے کا بھی امکان ہے۔ شیریں مزاری پر اس مقدمے میں ایف آئی آر درج ہے، عملہ وارنٹ گرفتاری لے کر آیا تھا۔ اینٹی کرپشن پنجاب نے ان کے خلاف کارروائی کا آغاز مارچ 2022ء میں کیا تھا۔
فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ پارٹی کے مرکزی قائدین کچھ دیر میں تھانہ کوہسار پہنچیں گے، تمام کارکنان بھی تھانہ کوہسار پہنچ جائیں۔
شیریں مزاری کی بیٹی ایمان مزاری کا کہنا ہے کہ مرد پولیس اہلکار میری ماں پر تشدد کرتے ہوئے انہیں گھسیٹے ہوئے لے گئے اور مجھے صرف اتنا بتایا گیا ہے کہ اینٹی کرپشن ونگ لاہور انہیں لے گیا ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔