پی ایس ایل: ملتان سلطانز نے پشاور زلمی کو ہراکر فائنل میں جگہ پکی کرلی
کراچی: پی ایس ایل 9 کے کوالیفائر میچ میں ملتان سلطانز نے پشاور زلمی کو شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔
نیشنل بینک کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پشاور زلمی کا 147 رنز کا ہدف ملتان سلطانز نے 18.3 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
ملتان سلطانز مسلسل چوتھی بار ایونٹ کے فائنل میں پہنچی ہے۔ اس سے قبل اس نے 2021، 2022 اور 2023 میں بھی پی ایس ایل کے فائنل میں جگہ بنائی تھی۔
ہدف کے تعاقب میں ملتان سلطانز کی اننگز کا آغاز یاسر خان اور محمد رضوان نے کیا، تاہم 8 ویں اوور میں 61 کے مجموعی اسکور پر محمد رضوان 15 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔
ملتان کی دوسری وکٹ 84 رنز کے مجموعی اسکور پر یاسر خان کی صورت گری، جنہوں نے 37 گیندوں پر 54 رنز بنائے۔ جانسن چارلس 11 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ عثمان خان 36 اور افتخار احمد 22 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
پشاور زلمی کے عامر جمال، سلمان ارشاد اور مہران ممتاز نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
قبل ازیں پشاور زلمی کے کپتان بابراعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ پشاور زلمی نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 146 رنز بنائے۔
پشاور زلمی کی اننگز کا آغاز صائم ایوب اور بابراعظم نے کیا، تاہم صائم ایوب صرف 1 رن بناکر آؤٹ ہوگئے۔
51 کے مجموعی اسکور پر محمد حارث 22 رنز پر چلتے بنے جس کے بعد حسیب اللہ بھی محض 3 رنز بنانے کے بعد 57 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوگئے۔
14 ویں اوور میں بابراعظم 46 رنز بناکر ہمت ہار بیٹھے۔ ٹام کوہلر 24 اور روومین پاول 12 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ پال والٹر اور لیوک ووڈ 14، 14 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
ملتان سلطانز کی طرف سے اسامہ میر اور کرس جورڈن نے 2، 2، عباس آفریدی، محمد علی اور ڈیوڈ ولی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
واضح رہے کہ فائنل میں رسائی کیلئے پشاور زلمی کے پاس ایک اور موقع ہے۔ جمعہ کو کوئٹہ اور اسلام آباد کے مابین ہونے والے ایلیمنیٹر ون کی فاتح ٹیم ہفتہ کو ایلیمنیٹر ٹو میں پشاور زلمی سے مقابلہ کرے گی اور اس میچ میں جیتنے والی ٹیم 18 مارچ کو فائنل میں ملتان سلطانز سے ٹکرائے گی۔