پی ایس ایل، کراچی میں 25 فیصد تماشائیوں کو اسٹیڈیم آنے کی اجازت

کراچی: پاکستان سپر لیگ 7 کے کراچی میں میچز کے لیے 25 فیصد تماشائیوں کو اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت مل گئی۔
پی ایس ایل کا پہلا مرحلہ 27 جنوری سے 7 فروری تک نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا۔
این سی او سی کے فیصلے کے مطابق کراچی میں شیڈول ہر میچ میں قریباََ 8 ہزار تماشائیوں کو نیشنل اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت ہوگی تاہم ان تمام تماشائیوں کی صحت اور حفاظت کے پیش نظر اسٹیڈیم میں داخلے کے لیے سخت کووڈ 19 پروٹوکولز بنائےگئے ہیں۔
12 سال سے زائد عمر کے تمام افراد کی مکمل کووڈ 19 ویکسی نیشن ہونا لازمی ہوگا۔
اسٹیڈیم کے داخلی دروازوں پر اپنا درست ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ دکھانا لازمی ہوگا۔
اسٹیڈیم میں چہرے کو ماسک سے مسلسل ڈھانپے رکھنا لازم ہوگا۔

این سی او سی کی جانب سے کووڈ 19 سے متعلق جاری کی گئی ہدایات کی خلاف ورزی کرنے والے شخص کو اسٹیڈیم سے باہر نکال دیا جائے گا۔
پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سلمان نصیر کا کہنا ہےکہ اب پی ایس ایل 7 کے کراچی میں کھیلے جانے والے ہر میچ میں 25 فیصد تماشائیوں کی آمد کے انتظامات کو حتمی شکل دیں گے، پی سی بی ایک ذمے دار ادارہ ہے اور اسے شائقین کرکٹ کی صحت اور حفاظت کے سلسلے میں اپنی ذمے داریوں کا مکمل ادراک ہے۔
انہوں نے کہا کہ این سی او سی کی ہدایات پر سختی سے عمل درآمد کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے لیکن اس سلسلے میں تماشائیوں کی جانب سے بھی غیر مشروط تعاون کی ضرورت ہوگی تاکہ وہ ایک محفوظ ماحول میں میچز سے لطف اندوز ہوسکیں۔
خیال رہے کہ ایونٹ کا دوسرا مرحلہ 10 فروری سے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا اور 27 فروری تک جاری رہنے والے اس ایونٹ میں تماشائیوں کی تعداد سے متعلق فیصلہ مناسب وقت پر کیا جائے گا۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔