ڈی جی آئی ایس پی آر سمیت 12 میجر جنرلز کی لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر ترقی
راولپنڈی: ڈی جی آئی ایس پی آر بابر افتخار سمیت پاک فوج کے 12 میجر جنرلز کو لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر ترقی دے دی گئی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر میجرجنرل بابرافتخار کو بھی لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر ترقی دی گئی ہے۔
لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر ترقی پانے والوں میں میجر جنرل انعام حیدر ملک، میجر جنرل فیاض حسین شاہ اور میجر جنرل نعمان زکریا شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ میجر جنرل محمد ظفر اقبال، میجر جنرل ایمن بلال صفدر، میجر جنرل احسن گلریز، میجر جنرل سید عامر رضا کو بھی لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر ترقی دے دی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق میجر جنرل شاہد امتیاز، میجر جنرل منیر افسر، میجر جنرل یوسف جمال اور میجر جنرل کاشف نذیر لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر ترقی پانے والوں میں شامل ہیں۔
ترقی پانے والے ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل بابر افتخار نے مشکل حالات میں ذمے داریاں نبھائیں اور انہوں نے کورونا کے خلاف مہم کے دوران اہم ذمے داریاں سنبھالیں۔
لیفٹیننٹ جنرل بابر افتخار نے سیلاب سے پیدا صورت حال کے دوران بھی اہم ذمے داریاں ادا کیں جب کہ ٹڈی دل کے خاتمے کے لیے بطریق احسن ذمے داریاں سرانجام دیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل بابرافتخار نے 6 لانسرز میں کمیشنڈ حاصل کیا اور وہ کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کے گریجویٹ ہیں جب کہ فارن اسٹاف کورس اردن سے کیا۔
لیفٹیننٹ جنرل بابرافتخار نے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی میں بطور انسٹرکٹر ذمے داریاں ادا کیں اورآپریشن ضرب عضب کے دوران میر علی میں بریگیڈ کو کمان کیا۔