وزیراعظم کا بلوچستان کے سیلاب زدگان کو فوری معاوضہ دینے کا حکم

کوئٹہ: وزیراعظم میاں شہباز شریف نے بلوچستان میں سیلاب زدگان کو کیمپوں میں کھانا فراہم نہ کرنے پر برہمی کا اظہار کیا، واقعے پر متعلقہ افسران کو معطل کردیا گیا، وزیراعظم نے متاثرین کو فوری معاوضہ ادا کرنے کا حکم بھی صادر کردیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بلوچستان کے علاقے قلعہ سیف اللہ میں سیلاب سے متاثرہ افراد کے کیمپ کے دورے کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ امدادی کیمپوں میں کھانا فراہم نہ کیا جانا افسوس ناک ہے، میڈیکل کیمپوں میں کوئی ریکارڈ موجود نہیں تھا۔
شہباز شریف نے کہا کہ امدادی کیمپوں میں کھانا فراہم نہ کرنے پر انتظامیہ کے خلاف فوری ایکشن لیا جائے گا۔ انہوں ںے چیف سیکریٹری بلوچستان کو کھانا فراہم نہ کرنے والے عملے کو فوری معطل کرنے کی ہدایت کی، جس پر عملے کو معطل کرکے واقعے کی تحقیقات شروع کردی گئی۔
وزیراعظم نے سیلاب متاثرین کو فوری زرتلافی ادا کرنے کا حکم جاری کردیا اور کہا کہ جاں بحق افراد کے لواحقین کو 20 لاکھ روپے دیے جائیں گے، سیلاب متاثرین کے کیمپوں میں آج سے صبح اور رات کا کھانا فراہم کیا جائے گا۔
وزیرِاعظم شہباز شریف نے کہا کہ سیلاب سے بلوچستان کی حالت ناقابل بیان ہے، برساتی سیلاب سے 142 افراد جاں بحق اور ہزاروں مکانات مکمل تباہ ہوئے، فصلیں اور بے شمار پلوں اور سڑکوں کو شدید نقصان پہنچا، مصیبت کی اس گھڑی میں صوبائی اور تمام وفاقی ادارے عوام کی خدمت میں مصروف ہیں۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔