کابینہ اجلاس، پٹرول قلت کی تحقیقات کے لیے کمیشن کے قیام کی منظوری
اسلام آباد: وزیراعظم کا کہنا ہے کہ عوام ماسک کا استعمال ضرور کریں اور حالات بہتر ہونے پر مزید کاروبار کھول دیے جائیں گے۔
وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا، جس میں ملک کی معاشی صورت حال پر بریفنگ دی گئی اور کابینہ کو معاشی اشاریوں سے متعلق آگاہ کیا گیا۔
کابینہ نے پٹرول کی قلت کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیشن کے قیام کی منظوری دے دی۔
ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ نے پٹرول کی قلت کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیشن کے قیام کی منظوری دے دی۔ اجلاس میں پی آئی اے کے چارٹر لائسنس اور ایریل ورک کی تجدید کی بھی منظوری دی گئی۔
ذرائع کے مطابق کابینہ کو ملک میں کورونا وائرس کی صورت حال پر بھی بریفنگ دی گئی اور اس دوران ارکان کو کورونا سے متعلق ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کی ہدایت بھی دی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق کابینہ اجلاس سے خطاب میں وزیراعظم نے عوام سے آن لائن قربانی کو ترجیح دینے کی اپیل کی۔
عمران خان نے کہا کہ عیدالاضحیٰ اور محرم الحرام میں احتیاط نہ کی تو صورت حال خراب ہونے کا اندیشہ ہے، عوام ماسک کا استعمال ضرور کریں اور حالات بہتر ہونے پر مزید کاروبار کھول دیے جائیں گے۔