صدر ٹرمپ نے تمام ممالک پر فوری 10 فیصد ٹیرف عائد کردیا
واشنگٹن: امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے تمام ممالک پر فوری طور پر 10 فیصد ٹیرف عائد کردیا، صدر نے اس حوالے سے ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کردیے۔
وائٹ ہاؤس کے مطابق 150 دن کے لیےامریکا درآمد ہونے والی اشیا پر 10 فیصد ڈیوٹی عائد ہوگی، بعض اشیا اس عارضی ڈیوٹی سے مستثنیٰ ہوں گی۔
مستثنیٰ اشیا میں معدنیات، کھاد، دھاتیں اور توانائی آلات شامل ہیں۔ زرعی مصنوعات، ادویہ اور ادویہ کا خام مال بھی درآمدی ڈیوٹی سے مستثنیٰ ہوگا، نئی ڈیوٹی کا اطلاق امریکا میکسیکو کینیڈا معاہدے پر نہیں ہوگا۔
اس سے پہلے امریکی سپریم کورٹ نے دوسرے ملکوں پر صدر ٹرمپ کے اضافی ٹیرف کو غیر قانونی قرار دیا تھا، عدالت کی جانب سے کہا گیا کہ ٹرمپ نے جس قانون کے تحت یہ ٹیرف لگائے وہ قومی ایمرجنسی کے لیے بنایا گیا، قانون ٹرمپ کو اضافی ٹیرف لگانے کی اجازت نہیں دیتا۔
ٹرمپ نے عدالتی فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ عدالت کے چند مخصوص ارکان پر شرمندگی محسوس ہورہی ہے، فیصلے سے دنیا خوش ہوگی مگر اس کی خوشی زیادہ دیر نہیں رہے گی، ٹیرف سے ملنے والے منافع میں مزید اضافہ ہوگا۔
ٹرمپ نے فیصلہ مایوس کن قرار دیتے ہوئے ساری دنیا پر 10 فیصد ٹیرف لگانے کا اعلان کیا تھا۔