سندھ کے تین اضلاع کیلیے وزارت آئی ٹی کا منصوبہ شروع، صدر مملکت کا خطاب

کراچی: صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ جدید دنیا سے خود کو ہم آہنگ کرنے کے لیے ضروری ہے کہ وقت کے تقاضوں کو پورا کیا جائے، اس کی ضروریات اور تیزی سے بدلتی ٹیکنالوجی کو اپنایا جائے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں مقامی ہوٹل میں آپٹیکل فائبر کیبل بچھانے کے منصوبے کی دستخطی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔وفاقی وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکشن کے تحت سندھ کے 3 اضلاع بشمول بے نظیرآباد، خیرپور اور نوشہرو فیروز میں آپٹیکل فائبر کیبل بچھانے کے منصوبے کا آغاز کردیا گیا ہے، منصوبے پر مجموعی طور پر2 ارب 10 کروڑ روپے لاگت آئے گی۔ تقریب میں وفاقی وزیرآئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن سید امین الحق، سیکریٹری آئی ٹی ڈاکٹر سہیل راجپوت سمیت دیگر حکام بھی موجود تھے۔


معاہدے پر دستخط یونیورسل سروس فنڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر حارث محمود چوہدری اور پی ٹی سی ایل کے قائم مقام چیف ایگزیکٹو ندیم خان نے کئے۔ صدرمملکت نے کہا کہ وزیراعظم کے ڈیجیٹل پاکستان وژن کا مقصد پاکستان کو ٹیکنالوجی کی اس دوڑ میں شامل کرنا ہے، اس مقصد کیلئے وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن کا کردار مثالی ہے جو اس مشکل ترین ٹاسک کو پورا کرنے کیلئے اپنی تمام کوششیں اور وسائل کو بروئے کار لارہی ہے۔
صدر مملکت نے وفاقی وزیر سید امین الحق کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ آئی ٹی وہ شعبہ ہے جو ملک میں روزگار کے لاکھوں مواقع پیدا کرنے کے ساتھ معیشت کو استحکام دینے میں نمایاں کردار ادا کرسکتا ہے اور وزارت آئی ٹی کی اب تک کی کارکردگی اطمینان بخش ہے لیکن ہمیں بہت آگے تک جانا ہے۔
وفاقی وزیرآئی ٹی سید امین الحق نے اپنے خطاب میں کہا کہ سندھ کے مختلف اضلاع کیلئے ہماری وزارت نے 3 سال کے دوران موبائل براڈ بینڈ سروسز کی فراہمی اور آپٹیکل فائبر کیبل بچھانے کیلئے 8 ارب 48 کروڑ روپے کی لاگت سے 9 منصوبے شروع کیے ہیں۔ ان منصوبوں کی تکمیل سے 26 اضلاع کے 3ہزار 227 پس ماندہ دیہات اور 230 یونین کونسلوں میں 19 سو کلومیٹر طویل آپٹیکل فائبر کے ذریعے مجموعی طور پر ایک کروڑ 75 لاکھ کی دیہی آبادی کو ڈیجیٹل دنیا سے منسلک کرنے کا عمل مکمل ہوجائے گا۔
انہوں نے اس موقع پر پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ہمارے منصوبے سندھ کے عوام سے وابستگی اور بلاامتیاز عوامی خدمت کی اعلی مثال ہیں، سندھ پر 13 سال سے قابض عوام دشمن پارٹی دیکھ لے عوامی خدمت اسے کہتے ہیں، کراچی سے منتخب ہوا لیکن اپنی وزارت سے فائدہ پورے سندھ کو دینے کا عزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترقی کے نام پر 1800 ارب روپے ہڑپ کرنے والی سندھ حکومت کی طرح ہوائی منصوبے نہیں، ایم کیوایم پر الزام تراشیوں سے کارکردگی نہیں بنتی، سندھ حکومت کا خاتمہ اب قریب ہے،اس ڈیجیٹل دور میں عوام کو سب پتا ہے کہ کام کون کررہا ہے اور باتیں کون بنارہا ہے، شہری آبادی پیپلز پارٹی کے عوام دشمن عزائم جانتی ہے، اب دیہی سندھ بھی جان جائے گا، اب شور مچائیں، الزامات لگائیں، اپنے وزرا کو پیچھے لگائیں، آپ کی سننے والا کوئی نہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ جنوبی سندھ صوبے کی بات اب نکل چکی، یہ ہماری نہیں مظلوم و ستائے لوگوں کی آوازہے، سندھ کی ترقی اس کے انتظامی یونٹس میں تقسیم سے ہی ممکن ہے، دنیا 21 ویں صدی سے بھی آگے نکل گئی ،سندھ کے عوام کو قبل مسیح میں رکھا ہوا ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔